بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈز کی تحلیل ،غیر قانونی تعیناتیوں کیخلاف قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع

 
0
317

لاہور دسمبر 5(ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈز کی تحلیل اور غیر قانونی تعیناتیوں کے خلاف قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کرتا دھرتاؤں کو نوازنے کے لئے آئیسکو، میپکو، لیسکو اور جیپکو کے بورڈز کی بلاجواز تحلیل آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے مسلم لیگ (ن) نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے بیٹے احمد ایاز صادق، سعد اللہ خان، شہریار چشتی اوراخلاق احمد سید کی آئیسکو، میپکو، لیسکو اور جیپکو میں تعیناتی کر کے قانون اور میرٹ کی دھجیاں بکھیری ہیں۔ لہٰذا پنجاب کا یہ مقدس ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ان تعیناتیوں کی تحقیق کی جائے اور اگر کہیں بے قاعدگیاں ہوئی ہیں تو ذمہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔