چیف جسٹس ثاقب نثار کا میو ہسپتال کا اچانک دورہ، ایمرجنسی سمیت دیگر شعبوں میں سہولیات کا جائزہ لیا

 
0
430

لاہور دسمبر 19(ٹی این ایس)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے اچانک میو ہسپتال پہنچ گئے ،چیف جسٹس نے ہسپتال کی ایمر جنسی سمیت دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں سے بھی سہولیات بارے آگاہی حاصل کی ،چیف جسٹس کے اچانک آمد کے باعث محکمہ صحت کے افسران اور ہسپتال انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی ۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہو ررجسٹری میں صاف پانی کی فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ رکیں اور ہمارے ساتھ چلیں ۔اس کے بعد فوری بعد چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور دیگر اچانک میو ہسپتال پہنچ گئے۔ اطلاع ملنے پر سیکرٹری صحت نجم شاہ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی میو ہسپتال پہنچ گئے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سب سے پہلے میو ہسپتال کی ایمر جنسی کا دورہ کرکے پنجاب حکومت کی جانب سے مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر انہوں نے زیر علا ج مریضوں سے بھی سہولیات بارے آگاہی حاصل کی جبکہ ایم ایس میو ہسپتال اور دیگر نے انہیں بریفنگ دی ۔اپنے دورہ کے موقع پر چیف جسٹس نے مریضوں کو صاف پانی کی فراہمی کی دستیابی کے حوالے سے استفسار کیا جس پر انہیں بتایا گیا کہ ہسپتال میں فلٹریشن پلانٹ موجود ہے۔ چیف جسٹس نے بعد ازاں دیگر شعبوں کا بھی دورہ کر کے سہولیات کا جائزہ لیا۔

جسٹس میاں ثاقب نثار نے سر جیکل ٹاور کا دورہ بھی کیا جہاں پراجیکٹ ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس کے اچانک دورے کے موقع پر محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران اور ہسپتال انتظامیہ متحرک نظر آئی۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کے اچانک دورہ کے بعد دیگر سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ بھی متوقع دورے کی وجہ سے الرٹ ہو گئی اور صفائی ستھرائی سمیت دیگر انتظامات کئے گئے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے تمام سرکاری ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو چیف جسٹس آف پاکستان کے متوقع دوروں کے حوالے سے ہر وقت تیار رہنے اور صفائی ستھرائی سمیت دیگر انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔