کوئٹہ چرچ پر حملے ،گیس کی لوڈشیڈنگ ،ایل پی جی قیمتوں میں اضافے ، سبزیاں مہنگی ہونے کیخلاف 3قرار دادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

 
0
319

لاہور دسمبر 19 (ٹی این ایس) کوئٹہ چرچ پر حملے ،گیس کی لوڈشیڈنگ ،ایل پی جی قیمتوں میں اضافے ، سبزیاں مہنگی ہونے کیخلاف 3قرار دادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئیں ۔مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایک سازش کے تحت مسیحی برادرادی کو ٹارگٹ کیا جاتا رہا ہے۔کوئٹہ میں چرچ پر حملہ قوم کو تقسیم کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔افسوناک سانحہ پر پاکستان کا ہر شہری اپنے مسیحی بھائیوں کے غم میں برابر کا شریک ہے۔یہ ایوان بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب میاں نواز شریف کی قیادت میں ان پر سو فیصد عملدرآمد ہوتا رہا ہے۔اب آپریشن ردالفساد بھی کامیابی سے جاری ہے۔گھرجا گھر پر پہلا خود کش حملہ 2001میں بہا ولپور ،دوسرا حملہ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد ،تیسرا خود کش حملہ پشاور چو تھا لاہور اور پا نچوا خود کش حملہ کو ئٹہ گر جا گھر پر ہوا تمام حملوں کی ذمہ داری کا لعدم شدت پسند تنظیموں نے قبول کی ۔ان افسوناک واقعات میں سب سے پہلے جام شہادت سکیورٹی اداروں کے جوانوں نوش فرمایا۔اس امر کا اعادہ کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کیخلاف آپریشن بلاتفریق جا ری رہے گا آخری دہشتگردی کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔

تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی نبیلہ حاکم علی کی طرف سے جمع کروائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صنعتی سیکٹر کیلئے دو ماہ کیلئے گیس بن کی گئی لیکن اس کے باوجود گھریلو صارفین کو گیس نہیں مل رہی۔لہذا یہ ایوان حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ایل پی جی کی قیمتیں فوری طور پر کم کی جائیں ۔جبکہ تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے سبزیاں مہنگی ہونے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ زرعی صوبہ ہونے کے باوجود پنجاب میں سبزیاں عوام کی دسترس سے دور ہو گئی ہیں۔ پیاز، آلو، ٹماٹر خریدنے کا عام آدمی تصور بھی نہیں کر سکتا لوگ مہنگائی کی وجہ سے خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں انتظامیہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے دکاندار من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں لہٰذا پنجاب کا یہ مقدس ایوان حکومت پنجاب سے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔