ایمان، اتحاد اورتنظیم پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے، گورنر سندھ

 
0
400

 

کراچی ،دسمبر19(ٹی این ایس): گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت، نظریہ پاکستان کے تحفظ اور اسلام کی سربلندی کے لیے قائد اعظم کے زریں اصولوں ایمان، اتحاد اورتنظیم پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔وہ لنکنز ان یونیورسٹی آف لاء لندن میں شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء (ذیبول) اور فارانی ٹیلر سالیسٹرز کی طرف سے مشترکہ طور پرمنعقد کی جانے والی بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒکی 141ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

تقریب سے ذیبول کے بانی وائس چانسلر جسٹس ریٹائرڈ قاضی خالد علی،فارانی ٹیلر کے سینئر پارٹنر فارانی فرحان، پروفیسر ڈاکٹر ایلسن وائلڈ، اور نارتھمپٹن یونیورسٹی کے ڈاکٹر ہیسٹگ میکنزی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں وکلاء اور قانون کے شعبہ سے منسلک ماہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ممالک اور اقوام کی تعمیر و ترقی میں تعلیم ہی بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

اسی لیے بحیثیت گورنر سندھ تعلیم ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور وہ اس کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جامعات میں تحقیق کے رجحان کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ طالب علموں کو جدید دور کے چیلنجر کے لئے تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے ذیبول کی جانب سے قانون کی معیاری تعلیم و تدریس کے لیے بین الاقوامی جامعات سے تعاون بڑھانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور اس حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

گورنر سندھ نے بر صغیر پاک و ہند میں حکومت برطانیہ کی طرف سے تعلیمی اداروں کے قیام اور تعلیم کے فروغ کے لیے کیے گئے مثبت اقدامات کو سراہا ۔گورنر سندھ نے اپنے خطاب میں فارانی ٹیلر کی جانب سے بار ایٹ لا کے لیے دو وظائف کے اعلان اور نارتھمپٹن یونیورسٹی کی جانب سے اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے تعاون پر انکا شکریہ ادا کیا۔