قائداعظم کے ایمان ،اتحاد اور یقین محکم سے پاکستان کا حصول ممکن ہوا،مریم اورنگزیب

 
0
903

اسلام آباد دسمبر 20(ٹی این ایس) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قائداعظم کے ایمان ،اتحاد اور یقین محکم سے پاکستان کا حصول ممکن ہوا، ایمان، اتحاد اور تنظیم سے ہر ناممکن چیز کو ممکن بنا یا جا سکتا ہے، پاکستان افکار قائد پر عمل کر کہ ترقی کر سکتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جتنی قربانیاں پاکستانی قوم نے دی ہیں کسی نے نہیں دیں، قوم کے اتحاد اور قربانیوں کی وجہ سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوا۔بدھ کو مریم اورنگزیب نے بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے حوالے سے تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو قومیں افکار قائد پر عمل نہیں کرسکتیں وہ ترقی کے عمل میں آگے نہیں بڑھ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم نے اس تقریب کا انعقاد کیا ہے، ہم ہر روز عہد کریں گے کہ جن چیزوں پر عمل کر کے آزاد ملک ہمیں ملا اس پر عمل کرنا ہے، قائداعظم کے پاس تین چیزیں تھیں جن کی وجہ سے پاکستان بنا وہ تھیں ایمان، اتحاد اور تنظیم۔

 انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی انتھک محنت اور کوششوں سے پاکستان حاصل کیا، اس قوم کیلئے جس کا نظریہ یہ تین چیزیں تھیں اس قوم کیلئے کچھ مشکل نہیں ہے، اگر کسی چیز کو کرنے کا یقین ہو تو یہ نا ممکن کو ممکن بنایا جا سکتا ہے، 2013میں پاکستان میں دہشت گردی تھی، اے پی ایس کے بچوں نے اپنے لہو سے دہشت گردی کے خلاف چراغ روشن کئے، آج دہشت گردی کے واقعات سالانہ کم ہو کر 160 ہو گئے ہیں، آپ سب کے ساتھ مل کر ہم قائد کا پاکستان بنا رہے ہیں، پوری قوم، افواج پاکستان، سیاست دانوں اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی، اسی طرح قائداعظم کا روشن پاکستان بنا رہے ہیں۔مریم

اورنگزیب نے کہا کہ 2013میں پاکستان میں 16سے 18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی، پچھلے 66سال میں اتنی بجلی کی پیداوار نہیں ہوئی جتنی پچھلے چار سال میں ہوئی ہے، یہی پاکستان ہے جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔

 انہوں نے کہا کہ ملک کے تعلیمی اداروں کی اصلاحات کی جا رہی ہیں، یہ طالب علم پاکستان کی اصل طاقت ہیں جو پاکستان کا نام روشن کریں گے، آنے والے وقت میں پاکستان میں 100فیصد خواندگی کی شرح ہو گی، ہم 25دسمبر سے ایک تحریک کا آغاز کر رہے ہیں، ہم وعدہ کریں گے کہ اپنے گھروں اور سکولوں میں قائداعظم کی سالگرہ کا کیک کاٹیں گے اور ہمیں بھیجیں گے،ہم آپ کی سالگرہ کی ویڈیو چلائیں گے۔