وزیراعظم کی زیرصدارت ای سی سی کا اجلاس، ترقیاتی منصوبوں پر غور

 
0
365

اسلام آباد دسمبر 22(ٹی این ایس)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت اسلام آباد میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس ختم ہوگیا، اجلاس میں معاشی، اقتصادی صورت حال اور ترقیاتی منصوبوں پر غورکیا گیا، وزیراعظم آج کراچی میں پورٹ قاسم پرآئل پائپ لائن منصوبےکا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت ای سی سی کااجلاس ختم ہوگیا، ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو ریگولیٹری ڈیوٹی سے متعلق حکام نے بریفنگ دی، ٹیکسٹائل انڈسٹری کےخام مال پرعائد ڈیوٹی ختم کرنے کی سمری پرغور کیا گیا، کپاس کی امپورٹ پرٹیکس چھوٹ کی سمری پربھی تفصیلی غور کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کپاس کی درآمد پر اس وقت مجموعی طور پر 9 فیصد ٹیکسز عائد ہیں۔ اجلاس میں آٹو اسپیئرپارٹس اور ٹائر پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کیے جانے کی تجویز پیش کی گئی، حکومت نے اکتوبر میں 731 اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی تھی۔ذرائع کے مطابق اب درجنوں اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی واپس لیے جانے کی سفارش کردی گئی۔ای سی سی نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کے لیے تعمیراتی مواد کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کی منظوری کا فیصلہ کیا ہے۔