جلسوں میں عوام کوبتائیں گےمجھے کس بات کی سزا دی گئی،نواز شریف

 
0
338

لاہور دسمبر 22(ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوامی جلسوں میں عوام کو بتائیں گے مجھے کس بات کی سزا دی گئی،آئندہ عام انتخابات 2018ء میں ہوں گے،پارٹی کارکنان عوامی رابطہ مہم تیز کردیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آج یہاں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد سابق وزیراعظم نوازشریف کارکنوں میں گھل مل گئے۔ نمازجمعہ کی ادائیگی کےبعد بیگم کلثوم نوازکی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کروائی گئی۔

نواز شریف نےکارکنان سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ 2014ء سے حکومت گھر بھیجنے کا سلسلہ شروع ہوا۔وہ آج کہاں ہیں؟ لیکن حکومتی سال 2017ء بھی ختم ہونے کو ہے۔انشاء اللہ آئندہ عام انتخابات 2018ء میں ہوں گے۔ پارٹی رہنماء اور کارکنان اپنے اپنے حلقوں اور علاقوں میں عوامی خدمت میں کوئی کمی نہ آنے دیں۔جبکہ آئندہ عام انتخابات کے پیش نظر عوامی رابطہ مہم بھی تیز کردی جائے۔

انہوں نے کہاکہ پورے ملک میں عوام کے ووٹ کے تقدس کیلئے دورے کروں گا۔ نوازشریف نے اس موقع پرپارٹی کارکنان کو 31دسمبر کو سرگودھا میں ہونیوالے جلسے کی تیاریوں کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ارکان اسمبلی اور بلدیاتی نمائندے ملکر جلسے کی تیاری کریں۔ انہوں نے کہاکہ عوامی جلسوں میں عوام کو بتائیں گے مجھے کس بات کی سزا دی گئی۔عوام کے ووٹ کے تقدس اور آئین و قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے۔ووٹ کے تقدس کیلئے ہر شہر میں جاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ کچھ جماعتیں وعدوں پر پورا اترنے کی بجائے جھوٹ کی سیاست کرتی ہیں۔ رنگ روڈ منصوبہ مکمل کرکے عوام کو سہولت مہیا کردی۔