سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے تناظر میں شوگر کین گروئرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی طرف سے آج نیشنل ہائی وے پر دھرنا دئے جانے کی کال واپس

 
0
349

حیدرآباد،دسمبر 23 (ٹی این ایس):شوگر کین گروئرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ہفتے کو نیشنل ہائی وے پر دھرنا دینے کی کال واپس لے لی ہے اور کہا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے احترام میں دھرنے کی کال واپس لی گئی ہے تاہم اگر شوگرملوں نے عدالتی فیصلے پر عمل نہ کیا تو نئے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔سندھ آبادگار بورڈ، ایوان زراعت سندھ اور آبادگار اتحاد کے نمائندوں کا ہنگامی اجلاس جمعہ کو شام میں منعقد ہوا جس میں جمعہ کے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے پر غور کیا گیا جس میں عدالت عالیہ نے شوگر مل مالکان کو حکم دیا ہے کہ وہ گنے کی قیمت کی مد میں ہر کاشتکار کو 172 روپے فی من فوری طور پر ادا کرے جبکہ 10 روپے فی من عدالت میں جمع کروائے جائیں، عدالت عالیہ نے تمام شوگر ملوں کی انتظامیہ کو یہ بھی حکم دیا ہے کہ وہ 15 روز میں فیصلے پر عملدرآمد کے سلسلے میں اپنی رپورٹ پیش کرے۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد سندھ آبادگار بورڈ کے نائب صدر محمود نواز شاہ اور ایوان زراعت سندھ کے صدر زاہد بھرگڑی نے رابطہ قائم کرنے پر بتایا کہ ہم نے عدالت کے فیصلے کے احترام میں ہفتے کے روز حیدرآباد اور گمبٹ میں دھرنا دینے کی کال واپس لے لی ہے اور ہم انتظار کریں گے کہ شوگر ملیں عدالت عالیہ کے فیصلے پر عمل کرتی ہیں یا نہیں، اس کی روشنی میں نئے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، محمود نواز شاہ نے بتایا کہ عدالت نے فیصلے پر نہ صرف شوگر ملوں کے ایڈمن افسران سے 15 دن میں فیصلے پر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کی ہے بلکہ اپنے حکم میں یہ بھی کہا ہے کہ جس ضلع میں کوئی شوگر مل عدالت کے فیصلے کے مطابق 172 روپے فی من کی قیمت بروقت ادا نہ کرے وہاں کاشتکار متعلقہ سیشن جج کو شکایت کر سکتے ہیں جو متعلقہ شوگرمل کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ چلائیں گے۔درایں اثناء معلوم ہے کہ عدالت کے اس فیصلے کے بعد کئی شوگرملوں نے گنے کی خریداری کے لئے نئے انڈینٹ جاری کرنا بند کر دیئے ہیں جس پر کاشتکاروں میں تشویش پائی جاتی ہے، اس حوالے سے ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ عدالت عالیہ اپنے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گی تاہم ہم کچھ دن دیکھیں گے کہ فیصلے پر کتنا عملدرآمد ہو رہا ہے اگر اس فیصلے سے کاشتکاروں کو ریلیف نہ ملا اور شوگر ملوں کی انتظامیہ نے ہٹ دھرمی جاری رکھی تو نئے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، ان رہنماؤں نے کہا کہ ہم عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد گنے کے کاشتکاروں کو کسی آزمائش میں ڈالنا مناسب نہیں سمجھتے تھے اس لئے دھرنا کال آف کیا گیا ہے تاہم دوبارہ بھی ایسی کال دینے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہو گی۔