عوامی اور جمہوریت کی دعویدار پیپلزپارٹی کی حکومت نے معزز پیشہ سے اساتذہ کرام پر وحشیانہ تشدد اور گرفتاریاں کرکے دور آمریت کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہے،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

 
0
1465

کراچی ،دسمبر 25 (ٹی این ایس): جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے این ٹی ایس اساتذہ کو مستقل نہ کرنے کیخلاف کراچی پریس کلب پر ہونے والے احتجاجی مظاہرے پر پولیس تشدد اور گرفتاریوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اساتذہ کے مسائل کو حل اور گرفتار اساتذہ کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ عوامی اور جمہوریت کی دعویدار پیپلزپارٹی کی حکومت نے معزز پیشہ سے وابستہ اساتذہ کرام کے احتجاج پر ان کے مسائل کو سننے اور حل کرنے کی بجائے اساتذہ کرام پر وحشیانہ تشدد اور گرفتاریاں کرکے دور آمریت کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم سے لیکر صحت وبلدیات سمیت ہر شعبہ میں کردار اور میرٹ کے قتل کی وجہ سے سندھ کا ہر شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے خاص طور پر تعلیم کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہے۔جن لوگوں نے این ٹی ایس کا امتحان پاس کیا اور ڈیوٹیاں دے رہے ہیں مگر اس کے باوجود انہیں مستقل نہیں کیا جارہا ہے، دوسری جانب مزید کرپشن کے فروغ کیلئے نوکریوں کے اشتہار دیئے جارہے ہیں جو کہ اساتذہ کے ساتھ ظلم ہے۔ بدقسمتی سے میرٹ کے قتل اور بہتر طرز حکمرانی نہ ہونے کی وجہ سے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ اپنے حقوق کیلئے احتجاج یا پھر عدلیہ ازخود نوٹس لیکر عوام کو انصاف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ حکومت آمرانہ طرز کی بجائے عوام کے مسائل کو سن کر میرٹ کے مطابق حل اور اساتذہ سمیت احتجاج کرنے والوں کے مسائل کو ختم کیا جائے۔