بحیثیت مسلمان ہم اسلامی تہذیب واسلامی نظام چاہتے ہیں، تعصبات ونفرت سے ہٹ کر بلوچستان کو ترقی وخوشحالی کے صف میں شامل کیا جائے،مولانا عبدالحق ہاشمی

 
0
389

کوئٹہ ،دسمبر 25 (ٹی این ایس):جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی ،مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ ساجد انورنے کہا کہ مغربی تہذیب ناکام ہوچکا ہے مغربی تہذیب نے ہمیں تباہ کیا اب ترقی کے نام پر مشرقی تہذیب کو مسلط کیا جار ہاہے بحیثیت مسلمان ہم صرف اسلامی تہذیب واسلامی نظام چاہتے ہیں تعصبات ونفرت سے ہٹ کر بلوچستان کو ترقی وخوشحالی کے صف میں شامل کیا جائیں ۔بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار،عوام کو تعلیم وصحت اور صوبے کو ترقی وخوشحالی نہ دینے والے یہی حکمران ہیں عوام ان کو پہچان لیں اورووٹ کے ذریعے انہیں مسترد کردیں۔انتخابات سے پہلے احتساب ضرور ی ہے۔گوادر بلوچستان کو ترقی دینا حکمرانوں کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے گوادر کے نام پر ملک کے دیگر علاقے ترقی کریں اور گوادر وبلوچستان کے عوام بھوکے پیاسے ہویہ ترقی ہمیں قبول نہیں ۔ملک میں عدل وانصاف ناپید ہونے کی وجہ سے ردعمل ومسائل پیداہورہے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گوادرمیں مکران ڈویژن کے دوروزہ تربیتی کیمپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ،نائب امراء بشیرا حمدماندائی، زاہدا ختر بلوچ ،سعید احمد بلوچ ،مولانا لیاقت بلوچ ،مولانا نورمحمد مدنی نے خطاب میں کہا کہ قومی خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے ،جماعت اسلامی کی حکومت آئی توتعلیم وعلاج مفت ہوگی ترقی وخوشحالی کے نئے دور کاآغازہوگا۔ملک میں انصاف اور علاج مفت ہونے سے ترقی وخوشحالی میسر آئیگی بدقسمتی سے موجودہ دورمیں غریب کیلئے نہ توعلاج اور نہ ہی تعلیم مفت ہے ۔انصاف وروزگار برائے فروخت ہونے کی وجہ سے غریب کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے ۔بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دیکر حکومت نوجوانوں کو بے راہ روی سے بچائیں ۔ہم ترقی کے مخالف نہیں مگر ترقی کے نام پر استحصال وزیادتی قبول نہیں معاشی دہشت گردی نے بھی ہمیں متاثر کیا ہے۔بلوچستان کیساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں کا سلوک کیا گیا جس میں صوبائی حکمران بھی ملوث رہے ہیں۔حکمرانوں نے عوام کوستر سال سے ترقی ،صحت ،تعلیم ،صاف پانی اور روزگارسے محروم رکھا ہے غریب وامیر کیلئے الگ الگ قانون الگ الگ تعلیم الگ الگ انصاف قبول نہیں ۔ہم ملک میں افرادکے بجائے آئین وقانون کی حکمرانی چاہتے ہیں عقیدہ ختم نبوت کی حفاظت ہر صاحب ایمان کامسئلہ ہے۔دین اسلام کی ترویج اشاعت میں دینی مدارس کاہر دورمیں ہر اول کردار رہا ہے۔تبلیغ دین اقامت دین کا فریضہ ہے۔اسلامی انقلاب جمہوریت اور باکردار قیادت کے ذریعے آئیگا جماعت اسلامی میں الحمدا للہ باکردار قیادت اللہ نے ہمیں مہیا کی ہے جس کی تصدیق سپریم کورٹ نے کی ہے۔دولت کے پجاری حکمرانوں سے خیر کی توقع نہیں۔ کارکن اپنے عوامی رابطوں کو مضبوط کریں جماعت اسلامی خدمت دیانت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ۔ ستر برسوں میں کرپٹ سرمایہ داراورظالم جاگیر دار کروڑ پتی سے ارب پتی ہوگئے لیکن عوام کی حالت دن بدن بدسے بدتر ہوتی چلی گئی عوام جب تک کرپٹ مافیا کے بجائے دیانتداراور شفاف نمائندوں کو اقتدار نہیں سونپتے مسائل کی چکی میں پستے رہیں گے ۔