قیامِ مسلم لیگ کے 111 سال، یوم تاسیس پر سندھ مسلم لیگ ہاؤس میں تقریب کا انعقاد ، تقریب سے مسلم لیگ ن کے صدر اور دیگر کا خطاب

 
0
494

کراچی،دسمبر 31 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مسلم لیگ کے 111ویں یوم تاسیس کے موقع پر سندھ مسلم لیگ ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بابوسرفرازخان جتوئی،وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت کے نائب صدر اورمسلم لیگی رہنمامرزااشتیاق بیگ،کراچی ڈویژن کے صدرسیدمنوررضا،جنرل سیکرٹری خواجہ طارق نذیر،حاجی چن زیب،شعبہ خواتین سندھ کی صدر زاہدہ بھنڈ،نائب صدر جمیلہ ظفر، شہنازاختر،اقلیتی ونگ سندھ کے صدرشام سندھ ،چیئرمین یونین کونسل شیرشاہ حبیب الرحمن،زاہدشاہ میڈیاکوآرڈی نیٹرعبدالحمیدبٹ، ملک تاج، آمان آفریدی، نثار شاہ، عالم خٹک، راجہ سعید، چوہدری ندیم اختر، چوہدری اسد حسین، فاخرہ تیمور، راحیلہ مری، شبیر شاہ، سالم انجم، راجہ عبداللہ، خواجہ نیئر، عدنان خواجہ، بلال شیخ، ڈاکٹر گل رعنا، شمیم تنولی، رزاق بٹ، وحید رزاق، نور بخت، رحیم سواتی، شبیر احمد خان، آزاد قادری، فدا احمد ایڈووکیٹ سمیت پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر یوم تاسیس کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ مسلمانوں نے اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے 1906میں ڈھاکہ کے مقام پر آل انڈیا مسلم لیگ قائم کی۔آل انڈیا مسلم لیگ کا قیام 30 دسمبر 1906وجود میں آیا جس کے ابتدائی قائدین میں نواب وقار الملک، نواب محسن الملک، نواب سلیم اللہ خان، مولانا محمد علی جوہر، مولانا ظفر علی خان اور دیگر شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ کے نام کو ایسے لوگ بھی استعمال کرتے رہے جن کا تحریک پاکستان اور مسلم لیگ سے دوردور تک کوئی تعلق نہیں تھا ۔پاکستانی قوم کی خوش قسمتی ہے کہ اسے میاں نواز شریف کی صورت میں ایک حقیقی لیڈر ملا جس نے عوام کی نبض پر ہاتھ رکھا اورعوام یہ کہنے پر مجبور ہوگئے کہ ان کو قائد اعظم ثانی مل گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قیام کا مقصد ہی فرسودہ نظام اورموروثی سیاست کا خاتمہ تھا، کارکنوں نے اپنی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن )مرتبہ الیکشن میں بھرپور عوامی مینڈیٹ سے کامیاب کیا اور یہ کامیابی میاں محمد نوازشریف پر مکمل اعتماد کا مظہر تھی۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نوازشریف عوام کے دلوں پر حکمرانی کررہے ہیں ۔میرٹ بحالی کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات کو کوئی فراموش نہیں کرسکتا۔ مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ اس بات کا مخالفین کو بھی بخوبی ادراک ہے کہ اس وقت مسلم لیگ (ن) ہی ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت ہے ۔ مسلم لیگ ن کے قیام سے لے کر اب تک کارکنان نے اپنی قیادت کے شانہ بشانہ رہے، اپوزیشن میں جس تلخ مسائل کا سامنا رہا تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی، مسلم لیگ ن کا دوراقتدار عوامی مسائل کے حل کیلئے تاریخی ہے، برادری ازم، اقربا پروری جیسے ناسور کے خاتمہ کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے پاکستان کی بقا سلامتی اور اقوام عالم میں سربلندی کے لئے ہم سب کو آئین کا احترام اور عوام کی رائے کو سامنے رکھ کر آگے بڑھنا ہوگا، پاکستان کا آئین سب سے مقدم اور آئینی ادارے سب سے محترم ہیں، ریاست کو سنبھالنے اور چلانے کے لئے آئین کی حکمرانی لازمی ہے۔مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے میاں نواز شریف کی قیادت میں مکمل کرائے ہیں،یہو د ونصاری کو پاکستان ایٹمی قوت اور سی پیک کی وجہ سے کھٹکتا ہے، سی پیک جیسے عظیم منصوبے کی وجہ سے پوری دنیا کی نظریں ہم پرہیں۔سی پیک کی وجہ سے پاکستان سونے کی چڑیا بن چکا ہے، سی پیک اور موٹرویز نواز شریف کا وژن تھا ،گوادر جیسی بندرگاہ پوری دنیا میں نہیں ہے ، میاں نواز شریف کے خلاف سی پیک منصوبہ کی وجہ سے بین الاقوامی سازش کی گئی ہے اور افسوس کہ ہمارے اپنے لوگ اس سازش میں حصہ دار بنے ہوئے ہیں۔