نواز شریف ‘مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے خلاف 3 نیب ریفرنسز کی سماعت‘پیشی کے لیے احتساب عدالت پہنچ گئے

 
0
712

اسلام آباد ،جنوری03(ٹی این ایس) :سابق وزیراعظم نواز شریف ‘ مریم نواز اور کیپٹن محمد صفدر کے خلاف 3 نیب ریفرنسز پر سماعت آج ہورہی ہے جس میں پیشی کے لیے وہ احتساب عدالت پہنچ گئے‘ نیب ٹیم بھی احتساب عدالت میں موجود ہے۔نواز شریف احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر لیگی کارکنان اور راہنما جوڈیشل کمپلیکس کے باہر موجود ہیں۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کیس کی سماعت کریں گے جب کہ عدالت نے استغاثہ کے مزید 2 گواہوں زوار منظور اور تسلیم خان کو طلب کر رکھا ہے۔

وکیل صفائی خواجہ حارث بیانات کی روشنی میں گواہوں پر جرح کریں گے جبکہ عدالت نے استغاثہ کے گواہ نجی بینک کے آپریشنل منیجر یاسر شبیر سے مزید دستاویزات طلب کر رکھی ہیں۔تینوں نیب ریفرنسز میں اب تک استغاثہ کے 10 گواہان سدرہ منصور، جہانگیر احمد، محمد رشید، مظہر بنگش، شہباز حیدر، ملک طیب، مختار احمد، عمردراز، یاسر شبیر اور شکیل ناگرا بیانات ریکارڈ کرا چکے ہیں۔

اس سے قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف گزشتہ را ت سعودی عرب سے وطن پہنچے ہیں۔ سعودی عرب میں قیام کے دوران انہوں نے مکہ مکرمہ میں عمرہ کیا، مدینہ منورہ میں روضہ رسولﷺ پر حاضری دی، نواز شریف نے شہباز شریف کے ہمراہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کی۔واضح رہے کہ ابھی تک فلیگ شپ انوسٹمنٹ کی 18، ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی17جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی 21 سماعتیں ہوچکی ہیں۔