کراچی جنوری 4(ٹی این ایس)سندھ ہائیکورٹ نے گلستان جوہر اسکیم 36 بلاک 6 میں 65 ایکڑ زمینوں پر قبضے اور چائنا کٹنگ کے معاملے پر دائر توہین عدالت کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 31 جنوری تک جواب طلب کر لیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں گلستان جوہر اسکیم 36 بلاک 6 میں 65 ایکڑ زمینوں پر قبضے اور چائنا کٹنگ کے معاملے پر دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت میں دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ گلستان جوہر میں ایس بی سی اے کی ملی بھگت سے شہریوں کے پلاٹوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔ جن شہریوں کے پلاٹس ہیں، ان کو قبضہ مافیا اور بلڈرز کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہ یں۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ شہریوں کی زمینوں پر قبضہ پولیس کی سرپرستی میں کیا جا رہا ہے۔ ہائیکورٹ نے علاقے میں پانی، سیوریج اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیا تھا تاحال واٹر بورڈ کی جانب سے پانی کی لائنیں اور پولیس کی جانب سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں۔ درخواست میں فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔ عدالت نے دائر توہین عدالت کی درخواست پر مختیار کار عارف کلہوڑو، چیئرمین ریلوے سوسائٹی عبدالخالق فاروقی، ایس پی ریلویز روبی یامین و دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 31 جنوری تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔