کراچی جنوری 4(ٹی این ایس)احتساب عدالت نے غیر قانونی بھرتیوں، پولیس فنڈز اور پٹرول کی مد میں کرپشن سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت میں غیر قانونی بھرتیوں، پولیس فنڈز اور پٹرول کی مد میں کرپشن سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، سابق اے آئی جی فنانس فدا حسین اور دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ تاہم ریفرنس میں نامزد ملزم ڈی ایس پی میر محمد پیش نہیں ہو سکے۔ عدالت میں ریفرنس کے نامزد ملزم ڈی ایس پی میر محمد کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کا ایکسیڈنٹ ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے وہ آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔ عدالت نے ملزم کی عدم حاضری پر گواہ کا بیان ریکارڈ نہیں کرتے ہوئے ریفرنس کی مزید سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سمیت دیگر ملزمان پر ایس آر پی حیدر آباد کے لیے 881 غیر قانونی بھرتیوں، پولیس فنڈز اور پٹرول فنڈز کی مد میں کروڑوں روپے کرپشن کرنے کا الزام ہے۔ ملزمان کے خلاف سپریم کورٹ کے حکم پر ریفرنس دائر کیا گیا۔ تمام ملزمان نے سندھ ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت لے رکھی ہے۔













