امریکا نے ہمیشہ دوست کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے، مفتی محمد نعیم

 
0
691

کراچی جنوری 4(ٹی این ایس)جامعہ بنوریہ عالمیہ میں شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو اب سمجھ جانا چاہیے کہ امریکا کبھی بھی پاکستان کا وفادار نہیں ہوسکتا،فرنٹ لائن اتحادی بن کر امریکا کی جنگ لڑتے رہے، تمام قربانیوں کو نظر انداز کرکے امریکا نے اپنی اصلیت دیکھا دی، بھارت کو چین کے مقابلے میں مضبوط کرناامریکا کی مجبوری اور خواہش ہے،امریکی صدر کا حالیہ بیان اسی سلسلے کی کڑی ہیں، امریکی خواہشات کی تکمیل کے بجائے دوٹوک جواب دیاجائے۔جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہاکہ نائین الیون کے بعد جب ڈکٹیٹر مشرف نے ملک کو دہشتگردی کی جنگ میں ملک کو دھکیلاتو اس وقت مذہبی طبقے نے اس کی کھل کر مخالفت کی تھی امریکی جی حضوری کا خمیازہ آج قوم کو بھگتنا پڑھ رہاہے،

انہوں نے کہاکہ امریکا، اسرائیل اورملک دشمن قوتیں مصروف ہیں امریکا کی ساری توجہ اس وقت بھارت کو چین کے مقابلے میں مضبوط کرنے کیلئے ہے یہی وجہ ہے ایک طرف بھارت اور امریکا کے درمیان معاہدات ہو رہے ہیں تودوسری جانب امریکا پاکستان پر مزید دباؤ بڑھانے کی کوششوں میں مصروف ہے امریکی صدر کا حالیہ بیان اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، اس بیان نے عالم امن کے نام نہاد ٹھیکیدار کا مسلمانوں کے حوالے سے دہرا معیار کھل کر سامنے آچکاہے، انہوں نے کہاکہ یہود ونصریٰ کبھی مسلمانوں کے دوست نہیں بن سکتے ہیں امریکا نے ہر دور میں اپنے دوست کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے، انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں ملک سے سیاسی خلفشار کا خاتمہ کرکے سیاستدانوں، حکمرانوں، سیاسی ومذہبی رہنماوں اور مسلح افواج کو متحد ہوکر امریکی صدر کی گیڈر بھبکیوں کامنہ توڑ جواب دینا ہوگا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں جتنا مالی وجانی نقصان وطن عزیز کا ہوا اس کی مثال نہیں ملتی ہمارے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج مریکا یورپ اور انڈیا ایک پیج پر جمع ہیں اور پاک چین راہداری منصوبوں کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔