نواز شریف اپنی کرپشن کا جواب دینے کے بجائے اپنی چوری چھپانے کیلئے اداروں کو بدنام کررہے ہیں ٗ عمران خان 

 
0
290

چکوال جنوری 6(ٹی این ایس)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی کرپشن کا جواب دینے کے بجائے اپنی چوری چھپانے کیلئے اداروں کو بدنام کررہے ہیں ٗ جتنی امداد پر امریکہ پاکستان کو بدنام کر رہا ہے اتنے پیسے کے سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار کے بیٹے کے 2 ٹاورز ہیں ٗپاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آکر ملک سے باہر پیسہ واپس ملک میں لائیگی۔ ہفتہ کو چکوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہاکہ نواز شریف کو اپنی کرپشن پر جواب دینا چاہیے بلکہ یہ کہ رہے ہیں کہ مجھ کیوں نکالا؟تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ نواز شریف سعودی عرب جا کر وہاں بادشاہوں کے گھٹنے پکڑ رہے ہیں تاہم انہیں پاکستان میں 300 ارب روپے کا حساب دینا ہوگا۔

عمران خان نے کہاکہ پاکستانیوں نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) گزشتہ 4 سالوں میں 8 سو ارب روپے کی جائیدادیں خریدیں لیکن امریکا پاکستان کی محض 25 ارب روپے پر تذلیل کر رہا ہے کیونکہ پاکستانی حکمرانوں کے غلط فیصلوں نے ہی اسے رسوا کیا ٗانہوں نے کہاکہ جتنی امداد پر امریکا پاکستان کو بدنام کر رہا ہے اتنے پیسے کے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے بیٹے کے 2 ٹاورز ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستانی جھوٹے اور دھوکے باز نہیں ٗعمران خان نے کہا کہ امریکا 16 سال گزر جانے کے باوجود افغانستان میں کامیاب نہیں ہوسکا اور وہ اپنی شکست کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرا رہا ہے۔پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان نے امریکا کی جنگ اپنے ملک میں لڑی اور 70 ہزار جانیں چلی گئیں ٗملک کا انفرا سٹرکچر تباہ ہوا اور اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا۔اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آکر ملک سے باہر پیسہ واپس ملک میں لائے گی۔انہوں نے کہا کہ جب پیسہ ملک سے باہر جاتا ہے اس ملک مقروض ہوجاتا ہے، اور جو لوگ پھر امداد دیتے ہیں وہ ملک کو ذلیل کرتے ہیں۔ عمران نے کہاکہ شریف برادران نے سعودی عرب جا کر اْن کے گھٹنے گوڈے پکڑتے ہیں کہ میں چوری میں پکڑا گیا ہوں مجھے بچا لو۔عمران خان نے کہا کہ جو لوگ (ن) لیگ کو ووٹ دیتے ہیں ان سے یہ ضرور پوچھنا کہ جب ایک چور آپ کے گھر آئے تو آپ اسے ہار پہنائیں گے ٗاس پر پھول نچھاور کریں گے یا پھر اسے دو تھپڑ لگا کر پولیس کے حوالے کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی پولیس دیکھیں ٗوہ پاکستان کی نہیں یورپ کی پولیس محسوس ہوگی اورنج ٹرین پر دو سو ارب روپے لگادیئے گئے، جو تیس سال سے ڈرامے کرکے ملک کو لوٹ رہے ہیں، ضمنی انتخاب میں ان کو سبق دینا ہے، انہوں نے عوام کے ساتھ وہ کیا جو پاکستان کے دشمنوں نے بھی نہیں کیا۔