کوئٹہ جنوری 7(ٹی این ایس)وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہاہے کہ وزیراعلی کو بچانے نہیں آیا ہم جمہوری بندوبست بچارہے ہیں ملک میں جمہوریت قائم رہے گی یہ بات انہوں اتوار کو مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر کی رہائش گاہ پر انکی ہمشیرہ اور وزیراعلی کے مشیر برائے انڈسٹریز سردار در محمد خان ناصر کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس سے قبل کوئٹہ پہنچنے پر وزیراعلی کے مشیر برائے جنگلات عبیداللہ بابت نے انکا استقبال کیا جب خرم دستگیر سے پوچھاگیا کہ کیا آپ وزیراعلی کو بچانے آئے ہیں تو انہوں نے کہاکہ میں یہاں صرف فاتحہ خوانی کرنے آیا ہوں وزیراعلی کو بچانے نہیں آیابلکہ ہم جمہوری بندوبست بچانے کی کوشش کررہے ہیں ملک میں جمہوری نظام قائم رہے گا خرم دستگیر نے سردار یعقوب خان ناصر سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ماضی کی نسبت سیاسی کلچر میں تبدیلیاں آئی ہے پہلے سیاسی تقاریر کا ایک معیار ہوتا تھا لیکن اب سیاست میں شائستگی کم ہوتی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ ماضی کی نسبت اب سیاستدانوں کا معیار بھی گر رہاہے جس کی وجہ سے سیاسی نظام میں مسائل درپیش ہے۔سرداریعقوب خان ناصر نے کہاکہ اگر ہم شروع سے اتحاد برتتے تو بلوچستان میں آج یہ وقت نہیں دیکھنا پڑتا ہم نے سب کو صحیح راستہ دیکھانے کی کوشش کی ہے وفاقی وزراء ہوں یا وزیراعلی آج کل تو کوئی ملاقات کا وقت بھی نہیں دیتا میں خود تین دن تک ایک وزیر سے ملاقات کیلئے جاتارہا لیکن اس نے وقت ہی نہیں دیا جب ملاقات نہیں ہوسکتی معاملات خراب ہوجاتے ہیں اور لوگ مخالفت کرتے ہیں اس موقع پر وزیراعلی کے مشیران سردار درمحمد خان ناصر،عبیداللہ بابت،مسلم لیگ (ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری نصیب اللہ بازئی،ملک خدابخش لانگو،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ فرخ عتیق ودیگر بھی موجود تھے۔