راولپنڈی،جنوری13(ٹی این ایس):کسٹم عدالت نے منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کیس میں این ٹی ایس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ہارون رشید کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے حکم دیا کہ ملزم کو گرفتار کرکے 30جنوری کو عدالت پیش کیا جائے،کیس کے 5 ملزمان ڈاکٹرجنید زیدی، ڈاکٹر اظہار حسین، سہیل غنی، ڈاکٹر شاہد احمد اور ڈاکٹرشیرزادہ نے ایک لاکھ، ایک لاکھ روپے کی رقم بطور زر ضمانت عدالت میں جمع کرادی۔
ہفتہ کو راولپنڈی میں اسپیشل جج کسٹم محمد شیراز کیانی کی عدالت میں این ٹی ایس کے خلاف منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران ایف بی آر کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کی جانب سے درخواست دائر کی گئی کہ تفتیش کے دوران ملزمان کے چھپائے گئے 15بینک اکا ئو نٹس کا سراغ ملا ہے اور منی لانڈرنگ کی رقم 2 ارب سے بڑھ کر 3 ارب 60 کروڑ 42لاکھ روپے ہوگئی ہے، عدالت سے درخواست ہے کہ ان 15 اکا ئو نٹس کو سیل اور این ٹی ایس کی عمارت کو سر بمہر کرنے کی اجازت دی جائے۔
عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔کیس کے 5 ملزمان ڈاکٹرجنید زیدی، ڈاکٹر اظہار حسین، سہیل غنی، ڈاکٹر شاہد احمد اور ڈاکٹرشیرزادہ نے ایک لاکھ، ایک لاکھ روپے کی رقم بطور زر ضمانت عدالت میں جمع کرادی۔ عدالت نے این ٹی ایس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ہارون رشید کی عدم پیشی پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزم کو گرفتار کرکے 30جنوری کو عدالت پیش کیا جائے۔