لاہور ،جنوری16(ٹی این ایس):پاکستان عوامی تحریک کے 17جنوری کو مال روڈ پر ہونے والے دھرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔لاہور کے چیئرنگ کراس چوک میں80 فٹ چوڑا اسٹیج اور 30 ہزار کرسیاں لگائی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے حوالے سے17 جنوری کے احتجاج کیلئے مال روڈ پر تیاریاں شروع کر دی ہیں۔انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ماڈل ٹاﺅن سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 14 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔
پنجاب اسمبلی کے سامنے 80 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا جائے گا جبکہ جلسہ گاہ میں 200 صوفے اور 30 ہزار کرسیاں لگائی جائیں گی۔ مال روڈ پر فلڈ لائٹس کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے۔ مرکزی اسٹیج کا رخ ریگل چوک کی جانب ہو گا۔انتظامیہ کی طرف سے اسٹیج بنانے کے لیے کنٹینرز پہنچادیا گیا ہے ۔چیئرنگ کراس پر مال روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری اورطاہرالقادری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ پیپلزپارٹی نے احتجاج میں بھرپور شرکت پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ترجمان پاکستان عوامی تحریک کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے ڈاکٹر طاہر القادری کو بلاول ہاﺅس لاہور آنے اور ڈنر کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ترجمان کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری وفد کے ہمراہ ممکنہ طور پر آج بلاول ہاﺅس جائیں گے۔