بھارت ، اسرائیل معاہدے اسلام دشمنی پر مبنی ہیں،کشمیر و فلسطین کے حولے سے دونوں کے مقاصد ایک ہیں۔خواجہ آصف 

 
0
363

اسلام آباد ، جنوری 16 (ٹی این ایس):وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بھارت اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے معاہدوں کو اسلام دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس گٹھ جوڑ کے باوجود ہم بہت مؤثر طریقے سے اپنا دفاع کر سکتے ہیں۔

ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہاکہ بھارت اور اسرائیل کے مقاصد ایک ہی ہیں، بھارت کشمیر میں مسلمانوں کے علاقے پر قبضہ کر کے بیٹھا ہوا ہے جبکہ اسرائیل بھی فلسطین میں مسلمانوں کے بہت بڑے علاقے پر قبضہ کر کے بیٹھا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی ایک قسم کی بقا وابستہ ہے جبکہ پاکستانی قوم فلسطینیوں کے ساتھ جذباتی وابستگی رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا اور بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ اسلام دشمنی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکومت کسی گھبراہٹ سے دوچار نہیں ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیوں کے بعد کامیابی حاصل کی ہے۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہماری افواج دہشت گردی کے خلاف بھرپور انداز میں لڑ رہی ہیں اور ہماری دفاعی استعداد میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ کے باوجود اپنا دفاع بہت مؤثر طریقے سے کر سکتے ہیں۔