خود کو قانون سے بالا تر سمجھنے والے حکمرانوں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے ‘ جمشید چیمہ 

 
0
295

لاہور جنوری 17 (ٹی این ایس) تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ خود کو قانون سے بالا تر سمجھنے والے حکمرانوں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، پی ٹی آئی نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء کو انصاف کی فراہمی کیلئے پہلے روز سے نہ صرف آواز بلند کی ہے بلکہ ہر طرح کی جدوجہد میں بھی شامل رہے ہیں اور جب تک حقیقی انصاف نہیں ہوتا پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 124کے کارکنوں کے قافلے کے ہمراہ مال روڈ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کارکن ظالموں جواب دو ، ظلم کا حساب دو کے نعرے لگاتے رہے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے مزید کہا کہ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں اور یہ نہ صر ف اقتدار سے رخصت ہوں گے بلکہ انہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن اور قصور سمیت عوام پر ڈھائے جانے والے دیگر مظالم کا بھی حساب دینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران خود کو ہر قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں اس لئے آنکھیں دکھائی جارہی ہیں لیکن اب انہیں ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں آنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ مال روڈ کے احتجاجی جلسے کا ون پوائنٹ ایجنڈا شہداء کے ورثاء کو انصاف کی فراہمی ہے اور اسی لئے پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے اس میں بھرپور شرکت کر کے ثابت کر دیا ہے کہ ہم اس جدوجہد میں شہداء کے ورثاء کے شانہ بشانہ ہیں اور ان کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔