ماحولیاتی آلودگی پر کنٹرول پنجاب کی ترقیاتی منصوبہ بندی کا اہم ہدف ہے ،ترجیحی بنیادوں پر زیر بحث لایا جا رہا ہے‘ منشاء اللہ بٹ 

 
0
298

لاہور جنوری 26(ٹی این ایس) صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبا ز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب عوام کو بہترین آب و ہوا اور صاف ستھرا ماحول کی فراہمی کو اپنی اولین تر جیحات بنائے ہوئے ہے ،اس سلسلے میں حکومت پنجاب نے قلیل مدت میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے قوانین کی تیاری اور لائحہ عمل کے لئے تیز تر اقدامات کئے ہیں،اس ضمن میں کارخانوں، ہسپتالوں اور بھٹوں میں زہریلے مواد اور فضلات کی تلفی کے لیے سکربرز،انسینی ریٹرز کی تنصیب اور زگ زیگ ٹیکنالوجی متعارف کروائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہائشی علاقوں کو محفوظ پاک صاف آب و ہوا کی فراہمی کے لئے کار خانوں، صنعتوں اور ماحول کو آلودہ کرنے والے، چمڑے کی تیاری کے لیے شہروں سے دور ٹینری زون بنائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ ماحولیاتی آلودگی سے خطرہ پولی تھین بیگز ہیں۔ اس کی تلفی اور مینوفیکچررز کی حوصلہ شکنی کے لیے قوانین میں سختی کی جا رہی ہے ۔

اس کے علاوہ حکومت پنجاب ماحولیاتی تحفظ سے متعلقہ منصوبہ جات کی کیپٹل مارکیٹوں میں فروخت کو بھی یقینی بنارہی ہے تاکہ اس شعبہ میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر کنٹرول پنجاب کی ترقیاتی منصوبہ بندی کا ایک اہم ہدف ہے جسے ترجیحی بنیادوں پر زیر بحث لایا جا رہا ہے کیونکہ زراعت سمیت صوبے کی بیشتر پیداوار کا انحصار آلودگی سے پاک ماحول پر ہے ۔حکومت پنجاب بین الاقوامی سطح پر ماحول کے تحفظ کے لیے متعارف کروائے گئے پائیدار ترقیاتی مقاصد کے حصول کے لیے بہترین اقدامات متعارف کروا رہا ہے اور اپنے سٹیک ہولڈرز اور پرائیویٹ پارٹنرز سے پالیسی سازوں کی استعداد کار میں اضافے، پنجاب کلینر پروڈیکشن سینٹر ، میبادل ٹیکنالوجییز، اینوائرمنٹ مانیٹرنگ سیکشن، ماحولیاتی تحفظ اور موسمی تغیر وتبدل کے لیے ایکسیلنس سینٹرزکے قیام اور کنسلٹینسی سروسز سینٹرز کے قیام کے لیے مالی و مشاورتی معاونت کا خواہاں ہے۔