سپریم کورٹ نے جعلی تعلیمی اسناد پر نوکری کرنے والے پائلٹس کی تفصیلات طلب کر لی

 
0
283

کراچی جنوری 27(ٹی این ایس)سپریم کورٹ نے جعلی تعلیمی اسناد پر نوکری کرنے والے پائلٹس کی تفصیلات طلب کر لی۔ ہفتہ کو سپریم کورٹ نے ڈائریکٹرجنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی سے جعلی تعلیمی اسناد پر نوکری کرنے والے پائلٹس کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ ذرائع کے مطابق قومی ائیر لائن پی آئی اے سے جعلی ڈگری پر برطرف کئے گئے پائلٹ دیگر ائیر لائنز میں طیارے اڑا رہے ہیں۔پی آئی اے کے انتظامی ذرائع کے مطابق قومی ائیرلائن میں جعلی تعلیمی اسناد پر ملازمت حاصل کرنے والے 17 پائلٹوں کی نشاندہی ہوئی تھی ٗان میں سے دو پائلٹ عدالتی حکم پر ملازمت پر بحال ہوگئے ٗ 12پائلٹس کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق ان میں سے تین کیڈیٹ پائلٹ تھے جو ابتدائی مرحلے میں ہی ملازمت سے برطرف کردئیے گئے جبکہ جعلی ڈگری پر نکالے گئے پانچ پائلٹس ایسے ہیں جنہوں نے ہائی کورٹ سے اسٹے لیا ہوا ہے اور بدستور ملازمت پر برقرار اور طیارے اڑا رہے ہیں۔پی آئی اے کے انتظامی ذرائع کے مطابق چار ایسے بااثر پائلٹس ہیں جن کی ڈگریاں مشکوک قرار پائی تھیں لیکن پی آئی اے انتظامیہ نے انہیں تمام واجبات اور ریٹائرڈمنٹ کے فوائد دیتے ہوئے ائیرلائن سے باعزت رخصت کیا۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق جعلی ڈگری کی وجہ سے پی آئی اے سے قبل از وقت ریٹائرڈمنٹ لینے اور برطرف ہونے والے پائلٹس دیگر ائیرلائنز میں طیارے اڑا رہے ہیں۔ ہفتہ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ڈی جی سول ایوی ایشن پائلٹس کی ڈگریوں سے متعلق طلب کیا۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ڈی جی سول ایوی ایشن سے استفسار کیا کہ یہ بتائیں کہ پائلٹس کے پاس اصل ڈگری ہے یا جعلی؟ ہم ان کی تصدیق کس سے کرائیں؟چیف جسٹس پاکستان نے حکم دیا کہ پائلٹس کی ڈگریوں کی بھی تصدیق کرائی جائے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز ڈی جی سول ایوی ایشن سے ایسے پائلٹ کی تفصیلات طلب کی تھیں جن کے خلاف جعلی ڈگری رکھنے پر تحقیقات کی گئیں۔