تمام اضلاع کے آر پی اوز ،ڈی پی اوز کو جرائم کی شر ح میں کمی کیلئے جذبے کے ساتھ کام کرنا چاہیے ، آئی جی پنجاب

 
0
504

لاہو ر ،جنوری 30(ٹی این ایس): انسپکٹر جنرل پولیس پنجا ب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی سربراہی میں سنٹرل پولیس آفس میں آر پی اوز ڈی پی اوز ویڈیو لنک کانفرنس ہوئی جس میں یکم جنوری 2017سے 31دسمبر 2017تک صوبے کے تمام اضلاع میں جرائم کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ آئی جی پنجاب نے جرائم کی شرح میں کمی اور چالان جمع کروانے کی شرح میں قابل قدر اضافے پر فیصل آبادریجن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے آر پی او فیصل بلال صدیق کمیانہ کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ دیگر ریجنز اور اضلاع کے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو فیصل آباد کی طرز پر جرائم کی شر ح میں کمی اور چالان جمع کرانے میں اضافے کیلئے اسی جذبے کے ساتھ کام کرنا چاہئیے ۔

انہوں نے جرائم کی شرح میں اضافے پر اوکاڑہ ، قصور ، اٹک ، جہلم اور ڈی جی خان کے ڈی پی اوز پر اظہار برہمی کرتے ہوئے انہیں اپنی کارکردگی بہتر کرنے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ کہ شہریوں کے جان مال اور عزت کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے جس کیلئے ہمیں اپنے فرائض صدق دل اور نیک نیتی سے ادا کرنے چاہئیے ۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ بچوں سے زیادتی کے واقعات کو ترجیحی بنیادوں پر لیا جائے اور ایسے واقعات میں قانونی کاروائی میں تاخیر برتنے والے اہلکاروں کے خلاف فوری اور سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، امجد جاوید سلیمی، ایڈیشنل آئی جی ڈی اینڈ آئی، اعجاز حسین شاہ، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس، محمد طاہر، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ، طارق مسعود یٰسین ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ پنجاب، فیصل شاہکار، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب، اظہر حمید کھوکھر،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، عامر ذوالفقار خان،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، رائے محمد طاہر،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز پنجاب، بی اے ناصر، ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی، احمد اسحاق جہانگیر، ڈی آئی جی پی ایچ پی، غلام محمود ڈوگر، ڈی آئی جی ڈی اینڈ آئی، شہزادہ سلطان،آر پی او شیخوپورہ، ذوالفقار حمید، ڈی آئی جی ویلفیئر، وسیم سیال، ڈی آئی جی آئی ٹی، شارق کمال صدیقی، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون، خرم علی شاہ اور ڈی آئی جی ایس پی یو، فیصل علی راناسمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ پنجاب کے تمام اضلاع کے آرپی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی ۔کانفرنس میں آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام اضلا ع میں لاہور پولیس کی طرز پر اینٹی رائٹ فورس کے قیام کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اضلاع میں تشکیل دی جانے والی اینٹی رائٹس فورس کے اہلکاروں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق جلد از جلد ٹریننگ کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ فرنٹ ڈیسک پنجاب پولیس کی آئی ٹی اصلاحات کا ایک شاندار نمونہ ہے جس کے حوصلہ افزا ء نتائج سامنے آر ہے ہیں لہذا اس پراجیکٹ کو تمام آر پی اوز ، ڈی پی اوز اپنی ترجیحات میں شامل رکھیں جس ڈی پی او نے فرنٹ ڈیسک پراجیکٹ کو نظر اندازکیا وہ مجھ سے کسی نرمی کی توقع نہ رکھے ۔

انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم 8787پر موصول ہونے والی شکایات پر آٹھ گھنٹے کے اندر شکایت کنندہ سے رابطہ نہ کرنے والے ڈی ایس پیز خود کو سخت کاروائی کیلئے تیار رکھیں اور جس ضلع سے مجھے ایسی شکایات موصول ہوئی اس ڈی ایس پی کے خلاف سی پی او سے کاروائی میں تاخیر نہیں ہوگی ۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس حراست میں ہلاکت یا پولیس حراست سے ملزم کے فرار کو کسی صورت برداشت نہ کیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کاروائی بلا تاخیر عمل میں لائی جائے ۔ آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جن افسران نے اپنے ماتحتوں کی اے سی آرز بروقت نہ لکھیں انہیں نہ صرف اظہار ناپسندیدگی کے خطوط جاری کئے جائیں گے بلکہ انکی اے سی آرز بھی روک لی جائیں گی۔