اسلام آباد مارچ 5 (ٹی این ایس): سی آئی اے پولیس اسلام آباد نے پاکستان میں مقیم چائنیزباشندوں کو لوٹنے اورچائنیزخاتون کو دوران ڈکیتی قتل کرنے والے پیشہ ورتین رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتارکرلیاہے۔ملزمان کے قبضے سے لوٹاگیاسامان اورواردات میں استعمال ہونے والااسلحہ بھی برآمدکرلیاہے۔دوران تفتیش ملزمان نے چھ وارداتوں کو انکشاف کیاہے۔یہ باتیں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سلطان اعظم تیموری نے پریس کانفرنس کے دوران بتائیں۔اس موقع پران کے ہمراہ ایس ایس پی آپریشنزنجیب الرحمان بگوی،ایس پی انوسٹی گیشن زبیراحمدشیخ اور اے آئی جی فرخ رشید ،ایس پی صدر محمد عامر نیازی،ڈی ایس پی سی آئی اے محمد اشرف شاہ اورچائینہ ایمبیسی کے سیکیورٹی آفیسر مسٹرپنگ بھی موجودتھے۔آئی جی اسلام آباد نے کہاکہ اسلام آباد میں اس وقت دوہزارسے قریب چائنیزباشندے مقیم ہیں۔
غیرملکیوں کو سیکیورٹی فراہم کرناہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔تاہم بدقسمتی گزشتہ چند ماہ سے ایک گروہ اسلام آباد میں مقیم چائنیزباشندوں کو ٹارگٹ کررہے تھے۔اس گروہ کے ہاتھوں دوران ڈکیتی مزاحمت پر ایک چائنیزخاتون کو موت کے گھاٹ اتاراگیااورگھرسے نقدی بھی لوٹی گئی۔جس کا مقدمہ نمبر364تھانہ رمنامیں درج کیاگیا۔اس کیس کی تفتیش ایس پی انوسٹی گیشن زبیراحمدشیخ کو سونپی گئی۔جنہوں نے ڈی ایس پی سی آئی اے محمداشرف شاہ کی زیرنگرانی ٹیم تشکیل دی اورتین رکنی ڈکیت گروہ کو سرغنہ سمیت گرفتارکرلیا۔جن میں سیدتحسین ،سیدذوالقرنین اورخرم ابراہم شامل ہیں ملزمان کا چوتھاساتھی اس وقت مفرورہے جس کی گرفتاری بھی بہت جلد عمل میں آئے گی۔ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹرسائیکل،دوپسٹلز،ہتھوڑا،آئرن راڈ،پیچ کس،دوعددچابیاں،نقاب ،سکارچ ٹیپ،نقدرقم ایک لاکھ ساٹھ ہزار روپے،دوعددلیپ ٹاپ اورایک موبائل فون بھی قبضے میں لے لیاگیاہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے تھانہ رمناکے علاقہ میں ڈکیتی کی واردات کے دوران چائنیزخاتون کو قتل کرنے اوراسلام آباد کے مختلف سیکٹرایف ایٹ،ایف ٹین،جی ٹین ،جی نائن اورجی الیون میں رہائش پذیرچائنیزباشندوں کو گن پوائنٹ پر لوٹنے کی چھ وارداتوں کا انکشاف کیاہے۔آئی جی اسلام آباد نے کہاکہ یہ گروہ مختلف کاروباری مراکزمیں شاپنگ میں مصروف چائنیزباشندوں کاان کے گھروں تک پیچھاکرتے تھے جس کے بعدمنصوبہ بندی کے تحت ان کے گھروں میں واردات کرتے تھے۔اس گروہ کا سرغنہ سیدتحسین دوہزار چودہ میں غیرقانونی طورپر جرمنی گیاجہاں ایک سال تک چھپ کر مزدوری کی لیکن اس کو وہاں ویزہ نہ مل سکاجس کی وجہ سے وہ پاکستان لوٹ آیااوریہاں پر اس نے گینگ بناکر وارداتیں شروع کردیں۔صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے کہاکہ تھانوں میں میرٹ کی بنیاد پر ایس ایچ اولگائے جانے کے سلسلے میں انٹرویوزکا عمل جاری ہے۔رواں سال کے دوران قبضہ مافیاکے خلاف تین مقدمات درج کئے جاچکے ہیں۔شہرمیں اس وقت اٹھارہ سوسیکیورٹی کیمرے نصب ہیں ان میں خراب کیمروں کو ٹھیک کرانے کے لئے ہواوے کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پایاگیاہے۔پریس کانفرنس کے اختتام پر آئی جی اسلام آباد نے ایس ایس پی آپریشنزنجیب الرحمان بگوی،ایس پی انوسٹی گیشن زبیراحمدشیخ اورٹیم کو تعریفی سرٹیفکیٹ اورنقدانعام دیئے۔