سعودی عرب ایک سال میں2.8ارب ریال لاگت سے نہر سلویٰ تعمیرکرے گا

 
0
410

ریاض،10اپریل(ٹی این ایس):سعودی عرب کی جانب سے نہرِ سلوی کا منصوبہ منظور ہونے کی صورت میں قطر اقتصادی طور پر مزید تنہا ہو جائے گا۔ اس منصوبے کے ذریعے سعودی عرب خلیج عربی کے مغربی ساحل پر مکمل طور پر غالب آ جائے گا اور مملکت اور قطر کے درمیان واقع سلوی کی سرحد بے حیثیت ہو کر رہ جائے گی۔سعودی میڈیا میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق مذکورہ نہر کھودنے کے منصوبے میں 9 کمپنیاں شریک ہوں گی اور توقع ہے کہ منصوبے کو صرف بارہ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔نہرِ سلوی کی لمبائی 60 کلومیٹر اور چوڑائی 200 میٹر ہو گی۔ نہر کی گہرائی 15 سے 20 میٹر کے درمیان ہو گی۔ اس کے نتیجے میں یہاں سے ہر طرح کے مسافر بحری جہاز اور بحری آئل ٹینکر گزر سکیں گے جن کی انتہائی لمبائی 300 میٹر اور چوڑائی 33 میٹر تک ہو۔منصوبے کی ابتدائی لاگت کا اندازہ 2.8 ارب ریال لگایا گیا ہے۔علاوہ ازیں علاقے میں دیگر منصوبوں کی بھی پلاننگ کی گئی ہے جو تیل اور صنعت سے متعلق ہوں گے۔ اس طرح یہ مقام ایک اقتصادی اور صنعتی مرکز کے طور پر سامنے آئے گا اور اس کی اقتصادی اہمیت کسی طور بھی سیاحتی اہمیت سے کم نہ ہو گی۔واضح رہے کہ نہرِ سلوی رہائشی دیہات اور زرعی علاقوں سے نہیں گزرے گی۔