مارچ میں ملکی برآمدات چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں،2ارب 23کروڑ ڈالر رہیں

 
0
305

لاہور،10اپریل(ٹی این ایس):روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کے ملکی برآمدات پر مثبت اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے ، مارچ میں ملکی برآمدات چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔وزارت تجارت کے مطابق گزشتہ ماہ مارچ کے دوران ملکی برآمدات 2ارب 23کروڑ ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں جو گزشتہ ماہ کی نسبت 17فیصد زیادہ جبکہ گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہیں۔سالانہ بنیادوں پر مارچ کے دوران ہونے والا اضافہ گزشتہ چار برسوں کے دوران سب سے زیادہ ہے۔ وزارت تجارت کے مطابق ڈالر کی قدر میں حالیہ اضافہ اور یورپی مارکیٹ تک رسائی میں بہتری کی وجہ سے برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ڈالر کی قدر میں اضافے اور پرتعیش اشیا ء پر ریگولیٹری ڈیوٹی کی وجہ سے درآمدات بھی اپنی سطح پر واپس آنا شروع ہو گئی ہیں تاہم اس کے باوجود تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے درآمدات دباؤ کاشکار رہیں۔وزارت تجارت کے مطابق گزشتہ سال مارچ کی نسبت رواں سال مارچ میں درآمدات محض 5 فیصد تک بڑھیں۔ ایل این جی اور تیل کی درآمدات میں اضافے کے باعث تجارتی خسارہ تین ارب ڈالر تک ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ سال مارچ کی نسبت چھ فیصد تک زیادہ ہے۔