وزیرستان ایجنسی میں  پولیٹکل ایجنٹ انتظامی امور چلانے میں مکمل ناکام ہیں، امور اسی طرح چلتے رہے تو بہت جلد وزیرستان کے حالات ماضی کی شکل اختیار کرلینگے: قبائلی رہنماء سلطان خان

 
0
311

آرمی نے جنوبی وزیرستان میں حکومتی رٹ قائم کی تاہم پولیٹیکل ایجنٹ کی ناتجربہ کاری کے باعث وہ اب ختم ہوتے دکھائی دے رہی ہے

اس سے پہلے کہ جنوبی وزیرستان سے کوئی دوسری تحریک جنم لے کورکمانڈر اور گورنر خیبرپختونخواہ ایک ایسے پولٹیکل ایجنٹ کی تعیناتی عمل میں لائیں جو قبائلی رسم و رواج سے واقف پولٹیکل انتظامیہ کے امور چلانے میں ماہر ہو: میڈیا سے گفتگو

جنوبی وزیرستان، اپریل 15 (ٹی این ایس): جنوبی وزیرستان  میں انتظامی امور چلانے میں پولیٹیکل ایجنٹ مکمل طورپر ناکام ہوچکے ہیں۔ ٹرانسفر کے نام پر لگائی گئی منڈی کے باعث پولیٹیکل انتظامیہ اندرونی طورپرشدید اختلافات کا شکار ہوچکی ہے جس کی وجہ سے انتظامی امور ٹھپ ہو گئے ہیں پولٹیکل ایجنٹس کی نا تجربہ کاری کی وجہ سے ان کی جانب سے دفاترز میں کئے گئے تبادلوں کو بعض اہلکاروں نے ماننے سے انکار کرتے ہوئے چارج لینے اور چھو ڑنے سے انکار کر دیا ہے.

ان خیالات کا اظہار جنوبی وزیرستان ایجنسی سے تعلق رکھنے والے قبائلی رہنماء سلطان خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پولٹیکل ایجنٹ سے اختلافات کی وجہ سے اسسٹنٹ پولٹیکل ایجنٹ نائب دین داوڑدلبرداشتہ ہوکر لمبی چھٹی پر چلے گئے ہیں،پی اے کے ایڈیشنل پولٹیکل ایجنٹ کے ساتھ بھی اختلافات کی خبریں گردش کر رہی ہیں جسکی وجہ سے عام قبائلی براہ راست متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولٹیکل انتظامیہ کے انتظامی امور اسی طرح چلتے رہے تو بہت جلد وزیرستان کے حالات ماضی کی شکل اختیار کرلینگے،انھوں نے کہا کہ قربانیوں بھرا آپریشن راہ نجات کے باعث پاک آرمی نے جنوبی وزیرستان میں حکومتی رٹ قائم کی تاہم پولیٹیکل ایجنٹ کی ناتجربہ کاری کے باعث وہ رٹ اب ختم ہوتے دکھائی دے رہی ہے۔

وانہ سب ڈویژن میں دوتانی اور وزیر قبائل کے درمیان حال ہی میں ہونے والی خونریز جھڑپ میں جانی نقصان کا واقعہ موجودہ پولٹیکل ایجنٹ جنوبی وزیرستان سہیل خان کی نا اہلی کی وجہ سے پیش آیا اور کئی قیمتی جانیں ضائع اور بعض افراد شدید زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کورکمانڈر خیبرپختونخواہ،گورنر کے پی کے سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خدارا اس سے پہلے کہ جنوبی وزیرستان میں ماضی کے حالات دوبارہ لوٹ آئیں اور جنوبی وزیرستان سے کوئی دوسری تحریک جنم لے وہ ایک ایسے پولٹیکل ایجنٹ کی تعیناتی عمل میں لائیں جو قبائلی رسم و رواج سے واقف ہو اور پولٹیکل انتظامیہ کے امور چلانے میں ماہر ہو۔ قبائلی رہنماء سلطان خان نے کہا کہ موجود پولٹیکل ایجنٹ نئے ہیں اور ان کو پولٹیکل انتظامیہ کے امور چلانے میں تجربہ نہیں ہے اس لئے جنوبی وزیرستان کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے موجود پولٹیکل ایجنٹ کو فی الفو ر تبدیل کیا جائے تاکہ قبائلیوں میں ان کی ناتجربہ کاری کے حوالے سے پائی جانیوالی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے.