سندھ کی اصل ترقی غریب بچوں کو اچھی تعلیم دینے سے ممکن ہے، سید مراد علی شاہ

 
0
555

 کراچی،مئی 05(ٹی این ایس): کراچی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی اصل ترقی غریب بچوں کو اچھی تعلیم دینے سے ممکن ہے ۔ آج میں جس مقام پر ہوں وہ والدین کی طرف سے دی گئی اچھی تعلیم کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ این جے وی اسکول کی اپنی ایک تاریخ ہے، مجھے این جے وی اسکول کی بحالی اور بڑی تعداد میں طلباء دیکھ کر روحانی خوش محسوس ہورہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج نارائن جگناتھ ودیا (این جے وی) اسکول کے بنا کسی پروٹوکول کے دورہ کیا۔ این جے وی اسکول پہنچنے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا استقبال اساتذہ اور طلبأ نے کیا اس دوران اسکول کو معائنہ کرتے ہوئے وزیرا علیٰ سندھ نے بچوں سے بات چیت کرکے کورس کے متعلق سوالات پوچھے۔انہوں نے کہا کہ میں کافی دنوں سے این جے وی اسکول کا دورہ کرنا چاہتا تھا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے این جے وی اسکول میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این جے وی اسکول کی اپنی ایک تاریخ رہی ہے اور یہ اپنے وقت کا بہترین تعلیمی ادارہرہ چکا ہے۔ اس اسکول نے ایسے طلباء پیدا کیے جو اعلیٰ مقام پر فائز رہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اسکول کی دوبارہ بحالی اور بڑی تعداد میں طلبا کو دیکھ کر مجھے روحانی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔وزیرا علیٰ سندھ نے کہا کہ اس اسکول میں کم آمدنی والے افراد کے بچوں کو میرٹ پرداخلہ سے غریبوں کے بچے آگے بڑھیں گے کیونکہ صوبے کی اصل ترقی غریبوں کے بچوں کو بہتر تعلیم سے آراستہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ این جے وی کے طلباء پاکستان کے معمار رہے ہیں اوریہاں سے تعلیم پانے والے بچوں نے پوری دنیا میں اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کیا ہے ۔ انہوں نے کہا مجھے یہ دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے کہ آج پھر سے اس کی رونقیں اور تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکول کو یہ اعزاز حاصل رہا ہے کہ یہاں سے بڑے بڑے سیاستدان ، انجینئرز ، ڈاکٹرز ابھرے ہیں۔مجھے امید ہے کہ یہ روایت اب بھی برقرار رہے گی ۔ انہوں نے اسکول کی بہتر کارکردگی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی اچھی مثال ہے اور اس ضمن میں سندھ حکومت ہمیشہ آپ کی مدد کرتی رہے گی۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے جو تعلیمی اداروں اور ہیلتھ پالیسیز شروع کی ہیں یہ ہمارے لیے خوشی کی نوید ہے اور انہیں کوئی ختم نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ آج میں جس مقام پر پہنچاہوں یہ میرے والدین کی طرف سے اچھی تعلیم کا نتیجہ ہے۔