بجٹ اجلاس؛ اپوزیشن جماعتیں ہم آواز ہو گئیں، آج بھرپور احتجاج کریں گی

 
0
336

ایم کیوایم نے عوامی ایشوز پرحکمت عملی طے کر لی، حکمران جماعت پیپلزپارٹی کوٹف ٹائم دینے کا فیصلہ
کراچی: مئی 10(ٹی این ایس) سندھ حکومت کی جانب سے نئے مالی سال کا بجٹ پیش کیے جانے کے موقع پر اپوزیشن جماعتیں متحدہ قومی موومنٹ، پی ٹی آئی ن لیگ اور فنکشنل لیگ ہم آواز ہوگئیں۔بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے بھرپور احتجاج کی تیاری کرلی گئی۔سندھ بجٹ پیش کیے جانے کے موقع پرآج (جمعرات کو) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتیں سندھ حکومت کے خلاف بھرپوراحتجاج کریں گی گزشتہ مالی سال کے بجٹ میں اپوزیشن ارکان کی ترقیاتی اسکیموں کونظراندازکرنے اوران کے ترقیاتی فنڈز حکومتی ارکان کودیے جانے کا معاملہ ایوان میں اٹھایا جائے گا۔

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخواجہ اظہارالحسن نے تمام جماعتوں کے ارکان کو بجٹ اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ایم کیوایم کے ارکان سندھ اسمبلی نے عوامی ایشوز پر اپنی حکمت عملی طے کرلی ہے۔ پارٹی کے دونوں دھڑوں میں جاری کشمکش سے کنارہ کرتے ہوئے حکمران جماعت پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے ایم کیوایم کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ایم کیوایم کے دونوں دھڑوں کے 18 سے زائد اراکین اسمبلی شریک ہوئے۔قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن اور سید سردار احمد کا کہنا ہے کہ سندھ بجٹ کی تیاری میں حسب روایت پیپلزپارٹی والے اپنی من مانی کررہے ہیں۔ تحریک انصاف کے خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ صوبے میں مالی بے ضابطگیاں اور کرپشن عروج پر ہے۔اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کا کہنا ہے کہ حکومت جاتے جاتے سارا بجٹ ٹھکانے لگانے پر تلی ہوئی ہے۔خواجہ اظہارنے کہاکہ ایم کیو ایم کے ارکان کے ترقیاتی فنڈز ہڑپ کرلیے گئے ہیں بلدیاتی اداروں کے وسائل بھی سندھ حکومت نے اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔