لاہور اور گردونواح میں موسلادھار بارش، کرنٹ لگنے سے 3 افراد جاں بحق

 
0
349

شدید بارش سے نشیبی علاقوں میں سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا۔
لاہورجولائی3 (ٹی این ایس) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور اس کے گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی جبکہ 3 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔لاہور اور اس کے گردونواح میں رات گئے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس کے باعث 150 سے زائد فیڈر ٹرپ ہو گئے اور شہر کے مختلف علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔لیسکو حکام کے مطابق متاثرہ فیڈرز میں سے زیادہ تر بحال ہوچکے ہیں جبکہ بقیہ کی بحالی کے لیے کام جاری ہے۔بارش کے باعث ریواز گارڈن میں بجلی کے تاروں سے کرنٹ لگنے پر ریواز گارڈن چوکی کے ڈرائیور امانت اور رضاکار شاہ زیب جاں بحق ہو گئے جبکہ قرطبہ چوک پر موٹر سائیکل پر سوار اکبر نامی نوجوان بجلی کے تاروں سے چھو جانے کے نتیجے میں جاں بحق ہو گیا۔دوسری جانب تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔لاہور ایئرپورٹ پر بھی محکمہ موسمیات نے بارش کے حوالے سے وارننگ جاری کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران مزید بارش ہونے کا امکان ہے۔

2