بے روزگار افراد کو بیرون ملک ملازمت کےجھانسہ میں  1150غریب افراد سے کروڑوں روپے ہتھیانے کا کیس، ایس پی صدر راولپنڈی کا ریکروٹمنٹ ایجنسی کے مالک کو حراست میں لے کر ایف آئی اے کے حوالے کرنے کا حکم

 
0
474

راولپنڈی ،  جولائی  04 (ٹی این ایس): بے روزگار افراد کو بیرون ملک میں  بہترین ملازمت کاجھانسہ دے کر 1150غریب افراد سے کروڑوں روپے ہتھیانے کے کیس کی انکوائری میں ایس پی صدر راولپنڈی علی رضانے ایک ریکروٹمنٹ ایجنسی کے مالک کو حراست میں لے کر ایف آئی اے کے حوالے کرنے کا حکم دے دیاجب کہ سی پی او آفس کے سب انسپکٹر، آر پی او آفس کے ہیڈکانسٹیبل کے علاوہ ٹیکسلایونیورسٹی کے چیف سیکورٹی آفیسر سمیت دیگر کے حوالے سے تحقیقات کرنے کی ہدایت کر دی ، حراست میں لیے جانے والے ریکروٹمنٹ ایجنسی کے مالک کو ایس ایچ اوتھانہ صدربیرونی کے حوالے کردیاگیا۔

آر پی او راولپنڈی کو مدثر فیاض نے اپنی درخواست میں بتایاتھاکہ گریژن ریکروٹمنٹ ایجنسی کے مالک صفدرنے ہزاروں کی تعداد میں بے روز گارافراد کوترکی بجھوانے کا اشتہار دیا، اس ایجنسی کے حوالے سے یو نیورسل بزنس ریکوٹمنٹ ایجنسی کے مالک احمرعبدالعزیزنے تصدیق کی ، ٹیکسلایونیورسٹی کے چیف سیکورٹی آفیسر کرنل (ر) محمدعلی نے بھی گارنٹی دی، انھیں مختلف نوعیت کے کاغذات دیکھائے گئے ، پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر افتخار اور آرپی او آفس میں کام کرنے والے ہیڈکانسٹیبل چوہدری وقار،محمدعلی کے ساتھ مل کر خواہشمندوں کی بذریعہ انگوٹھے ، تصاویر اور آئی ڈی کارڈز کی ویری فیکشن کی ، ٹریننگ بھی دی گئی ، اس سارے عمل کے دوران 1150افراد سے بیس بیس ہزار روپے کرکے اڑھائی کروڑ اینٹھے گئے اور اسکے بعد سب کے پاسپورٹ لے کر پورا گروہ ہی بکھرگیا، جو مل جاتاوہ دوسرے کو مورد الزام ٹھہر ادیتا، پھر ٹیکسلایونیورسٹی کے چیف سیکورٹی آفیسرنے صدر میں ایک نامعلوم گاڑی میں پاسپورٹ رکھ کر انھیں فون پر وصول کرنے کاکہا،پاسپورٹ ملنے کے بعد یہ گروہ انھیں دھمکیاں بھی دیتارہا، پولیس کے ملازمین نے سائل سے اسکے دفترمیں آکر پیسے وصول کیے ، جب بھی انکوائری کے لیے درخواست دی تو اسکو چکر پر چکر لگوائے گئے ، آر پی او کے حکم پر ایس پی صدرعلی رضا نے جب معاملے کی چھان بین کی تو دوران پوچھ پڑتال صفدرنے ویزوں کے کاروباروغیرہ کو تسلیم کیاجب کہ انکوائری میں پیش ہونے والے دیگر ملزمان جن میں احمر شامل نہیں تھا، وہ واضح جواب نہ دے سکے جس پر ایس پی صدر نے گریژن ریکروٹمنٹ ایجنسی کے مالک صفدرکو بٹھالینے کا حکم دے کر ایس ایچ او تھانہ صدربیرونی کو طلب کرکے اسے انکے حوالے کردیا، جنھوں نے معاملے بارے باضابطہ پوچھ ہڑتال شروع کردی ،ادھر یہ امر قابل ذکرہے کہ ایف آئی اے نے اس معاملے کی پڑتال شروع کردی ہے اور انھیں ایسے شواہد مل گئے ہیں جواس جانب اشارہ دیتے ہیں کہ ہزاروں بے روز گاروں کو بیرون ملک نوکری کا جھانسہ دے کر لوٹاگیا، ان میں سے متعددنے ادھار لے کر ابتدائی رقم اداکی اور پاسپورٹ وغیرہ بنائے ۔