لاہور ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کو ایپلٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر این اے 67 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی

 
0
326

قانون امیر اور غریب کیلئے برابر ہونا چاہیے ،احتساب عدالت کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ موخر نہیں کرنا چاہیے‘فواد چوہدری کی میڈیا سے گفتگو
لاہور05جولائی (ٹی این ایس) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو حلقہ این اے 67 سے کلیئر قرار دیتے ہوئے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے پی ٹی آئی کے امیدوار فوادچودھری کی نااہلی کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ فواد چودھری نے کاغذات نامزدگی میں جھوٹ بولا جبکہ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں درستی کر دی ہے اس کے بعد ایپلٹ ٹربیونل انہیں نااہل قرار دینے کا جواز نہیں ۔جس پر لاہور ہائیکورٹ نے فواد چودھری کی نا اہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور انہیں این اے 67سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ احتساب عدالت کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ موخر نہیں کرنا چاہیے، قانون امیر اور غریب کیلئے برابر ہونا چاہیے ۔فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ نیب کو سیاستدانوں کے حوالے سے دوہرا معیار نہیں اپنانا چاہے ،سیاستدانوں کی گرفتاریاں الیکشن تک موخر کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔