نواز شریف پر جامعۂ نعیمیہ میں جوتا پھینک دیا گیا

 
0
2025

لاہور مارچ 11(ٹی این ایس)سابق وزیراعظم نواز شریف پر لاہور میں جامعہ نعیمیہ میں ایک تقریب کے دوران جوتا پھینکا گیا جو ان کے سینے پر لگا۔گڑھی شاہو میں سابق وزیراعظم نواز شریف جامعہ نعیمیہ کے زیراہتمام تقریب میں شریک ہوئے اور جب وہ خطاب کے لئے ڈائس پر آئے تو ایک شخص نے ان کی جانب جوتا اچھالا جو ان کے سینے پر لگا۔جوتا اچھالنے والے شخص کو وہاں موجود افراد نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور ہال سے باہر لے جا کر سیکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کردیا۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم پر جوتا پھینکنے والا شخص 4 سال قبل جامعہ نعیمیہ سے فارغ التحصیل ہونے والا طالبعلم ہے جس کی شناخت طلحہ منور کے نام سے ہوئی ہے۔.واقعہ کے بعد نواز شریف نے تقریب سے مختصر خطاب کیا اور واپس روانہ ہوگئے۔

اس سے قبل گزشتہ روز سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران وزیر خارجہ خواجہ آصف کے چہرے پر ایک شخص کی جانب سے سیاہی پھینکی گئی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نواز شریف پر جوتا پھینکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوتا پھینکنا اور سیاہی پھینکنا غیر اخلاقی حرکت ہے، کسی پر جوتا پھینکنا کوئی طریقہ نہیں ہے،عام لوگوں سے بھی کہتا ہوں، ایسے کام نہیں ہونےچاہیے.عمران خان نے کہا کہ خوشی ہے کہ اس حرکت میں کوئی پی ٹی آئی والا ملوث نہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جوتا پھینکنے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ عدم برداشت کے کلچر کو فروغ نہیں دینا چاہیے، نواز شریف پر جوتا پھینک کر گری ہوئی حرکت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ جوتا پھینکنے کی روایت سے سیاسی قیادت کے احترام اور سلامتی کیلئے خطرات پیدا ہوں گے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور خواجہ اصف کے خلاف ہونے والے واقعات نے قائدین کی ناقص سیکورٹی انتظامات کو بے نقاب کر دیا ہے، سیاسی قیادت کو اس طرح بےعزت کر کے عوام سے براہ راست رابطے سے نہیں روکنا چاہئے۔عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی نے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ سب کو اس ناشائستہ حرکات کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے،معاشرے کو صبر و تحمل سکھانا ہم سب کی ذمے داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں پرفرض ہے کہ وہ اپنے کارکنان کی سیاسی تربیت کریں،یہ رویے معاشرے میں پھیلتی عدم برداشت کی عکاسی کررہے ہیں۔اسفندیار ولی نے کہا کہ یہ نازیبا سلسلہ جاری رہا تو پھرکوئی قیادت اس سےمحفوظ نہیں رہے گی۔تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود کا کہنا ہے کہ نوازشریف پرجوتااورخواجہ آصف پرسیاہی پھینکنےکی مذمت کرتےہیں، ہمارا سیاسی اختلاف ہے مگر یہ سیاست کا اصول نہیں،تحریک انصاف اس ٹرینڈ کی مذمت کرے گی۔وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ کسی کے اوپر بھی جوتا پھینکنا غلط اور غیر اخلاقی ہے۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سیاسی رہنماء اپنے کارکنان کواخلاقیات کا بھی درس دیں۔پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیناچاہئے۔