18 ویں ترمیم کے تحت صحت کا شعبہ صوبوں کو منتقل ہو چکا ہے،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و انچارج کابینہ ڈویژن سید علی ظفر 

 
0
354

اسلام آباد جولائی 12(ٹی این ایس) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و انچارج کابینہ ڈویژن سید علی ظفر نے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے تحت صحت کا شعبہ صوبوں کو منتقل ہو چکا ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی وفاق کا حصہ ہے، تمام صوبوں نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو وفاق کے تحت رکھنے پر اتفاق کیا ہے کیونکہ مختلف صوبوں میں ادویات کے معیارات مختلف ہونے سے مسائل پیدا ہوں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں ایوان بالا میں سینیٹر نعمان وزیر، سینیٹر عثمان کاکڑ، ثمینہ سعید اور سردار اعظم خان موسیٰ خیل کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد جہاں مجموعی طور پر دوطرفہ قانون سازی کی فہرست کو ہذف کر دیا گیا، فہرست میں موجود 47 شعبے صوبوں کو منتقل کئے گئے ہیں اور ایک عمل درآمد کمیشن قائم کیا گیا۔ کمیشن نے سفارش کی تھی کہ وفاقی سیکریٹریٹ کی 17 وزارتوں اور ڈویژنوں کو ختم کر دیا جائے۔ کابینہ ڈویژن نے 2010-11ء کے دوران عمل درآمد کمیشن کی تمام سفارشات پر عمل کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور ہم ایسے اقدامات کریں گے کہ آئندہ حکومت ان پر عمل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے تحت صحت کا شعبہ صوبوں کو منتقل ہو چکا ہے لیکن تمام صوبوں نے اس پر اتفاق کیا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی وفاقی سطح پر ہی رہنی چاہئے کیونکہ مختلف صوبوں میں ادویات کے مختلف معیار نہیں ہو سکتے، اس سے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔