ڈی پی اوسرگودھا کی افسران وملازمین کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر بریفنگ

 
0
350

الیکشن کی گہما گہمی کے دوران سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نگاہ رکھی جائے

، سرگودہا، جولائی 14 (ٹی این ایس): انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر سیدامام کلیم اور ریجنل پولیس آفیسر سرگودہا سلطان احمد چوہدری کی خصوصی ہدایت پرالیکشن کمیشن پاکستان کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پرپولیس افسران وملازمان کو بریفنگ دی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد زبیر دریشک کی نگرانی میں الیکشن2018کے سلسلہ میں سرگودہا پولیس کے افسران وملازمان کو الیکشن کمیشن سے جاری کردہ ہدایات پرایلیٹ فورس کے مہارت والے اساتذہ نے ذکاء اللہ شہید پولیس لائن میں بریفنگ دی ۔جس میں جدید پیرا میٹرز کے مطابق بیلٹ باکسز اور ریٹرنینگ آفیسر، وی آئی پی کی مدد، ایئر ایڈ، فائرفائٹنگ، کمانڈ مہارت، غیر مسلح جنگی، ہنگامی صورتحال کو ہینڈلنگ اورفرسٹ ایڈ پر تربیت دی گئی ۔

اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے ڈی پی او سرگودہا نے کہا کہ پولیس کی اولین ذمہ داری عوام الناس کو پرامن ماحول مہیا کرنا اور سماج دشمن عناصر کے خلاف فوری کارروائی کرنا ہے لہذا الیکشن کی گہما گہمی کے دوران بھی اس بات کا خیال رکھا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ شفاف اور غیر منصفانہ انتخابات کا عمل پولیس کی ترجیح ہے اور محکمہ پولیس نے اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل کا استعمال کرنے کیلئے عزم کیا ہے۔