جرمن چانسلر کا مستونگ  قتل عام پر اظہار افسوس

 
0
394

بزدلانہ کاروائی ہے،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جرمنی پاکستان کے ساتھ ہے: گگراں وزیر اعظم ناصرالملک کے نام پیغام

برلن، جولائی 14(ٹی این ایس): جرمن کی چانسلر انجیلا میرکل نے مستونگ خودکش حملہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کا ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ہفتے کے روز نگران وزیر اعظم پاکستان کے نام بھجوائے گئے ایک تعزیتی پیغام میں جرمن کی چانسلر انجیلا میرکل نے بلوچستان کے شہرمستونگ میں انتخابی جلسہ میں خود کش حملہ کے نتیجہ میں ایک صد سے زائد افراد کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اس حملہ کی بھرپور مذمت کی اور اس کو ایک بزدلانہ کاروائی قرار دیا انہوں نے اس حملہ میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ ان کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔ نگران وزیر اعظم ناصرالملک کے نام اپنے پیغام میں انجیلا میرکل نے کہا مجھے مستونگ میں ایک سیاسی انتخابی جلسہ ہونے والے خود کش حملہ سے ہونے والی قیمتی جانوں کے نقصان پر شدید دکھ ہوا ہے یہ ایک انتہائی قابل مذمت کاروائی ہے اور جرمنی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔ اسی طرح جرمن کی وزرات خارجہ کی طرف سے بھی جاری کئے گئے ایک بیان میں پاکستان کے اندر انتخابی سیاسی ریلیوں پر یکے بعد دیگرے خود کش حملوں کی مذمت کی گئی ہے اور کہا گیاہے کہ ہم ان حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کرتے ہیں۔ جرمن وزرات خارجہ کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیابی حاصل نہیں کرسکتے اور ہم پاکستان کے اندر موجود ہ حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ پاکستان کے اندر منصفانہ،شفاف اور آزادانہ انتخابات کرانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے شہر مستونگ خود کش حملہ میں ایک سیاسی جماعت کے امیدوار سراج رئیسانی سمیت 140کے قریب افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے اسی طرح دوسرے صوبہ خیبر پختونخواہ میں بھی دو حملوں میں بھی ایک اہم سیاسی راہنما و امیدوار سمیت بیسیوں لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔