میں قید میں اس لئے نہیں کہ خدانخواستہ کوئی جرم کیا، قصور یہ کہ میری رگوں میں نواز شریف کا خون ہے
پہلے لاہور کے ایک حلقے سے الیکشن لڑ رہی تھی اب پورے پاکستان کے 272 حلقوں سے لڑ رہی ہوں: جیل سے آڈیو پیغام
اسلام آباد، جولائی 15 (ٹی این ایس): سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کارکنان پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کی بھرپور تیاری کریں اب گھروں میں بیٹھنے کا وقت نہیں رہا، مسلم لیگ (ن) کی فتح آپ اور پاکستان کی فتح ہوگی۔ اتوار کو جیل سے قوم کے نام آڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میرا قصور یہ ہے کہ میری رگوں میں نواز شریف کا خون ہے۔ میں اپنی والدہ کو شدید بیماری کی حالت میں چھوڑ کر آئی ہوں، میں اپنے دل پر قابو پا کر میں یہاں جیل کاٹنے کیلئے قانون کے آگے سر جھکانے کیلئے آگئی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دعا کیجئے اللہ تعالیٰ میری والدہ کو صحت عطا فرمائے، میں قید میں اس لئے نہیں ہوں کہ خدانخواستہ میں نے کوئی جرم کیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ میں جیل میں نہ ہوتی تو آپ سب کے ساتھ یہ تاریخی اور فیصلہ کن جنگ لڑ رہی ہوتی، الیکشن کی بھرپور تیاری کیجئے اب گھروں میں بیٹھنے کا وقت نہیں رہا، نکلیے اور ووٹ کو عزت دو کا پیغام گھر گھر پہنچایے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مریم نواز لاہور کے ایک حلقے سے الیکشن لڑ رہی تھی اب پورے پاکستان کے 272 حلقوں سے الیکشن لڑ رہی ہے، مسلم لیگ نون کی فتح آپ اور پاکستان کی فتح ہوگی۔