نشے کے عادی افراد کے علاج کے نام پر تشدد کیس ،عامر چشتی ہسپتال کے شیخوپورہ ،فیصل آباد میں واقع علاج گاہوں کو سیل کرنے کا حکم 

 
0
422

آئی جی پنجاب اور ہیلتھ کئیر کمشن پنجاب بھر میں ایسے مراکز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں ‘چیف جسٹس میاں ثاقب نثار
لاہور 28جولائی(ٹی این ایس) سپریم کورٹ نے نشے کے عادی افراد کے علاج کے نام پر تشدد کیس میں عامر چشتی ہسپتال کے شیخوپورہ اور فیصل آباد میں واقع علاج گاہوں کو سیل کرنے کا حکم دے دیا ۔گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیس کی سماعت کی ۔

عدالتی حکم پر سرکاری وکیل نے عامر چشتی ہسپتال سے بازیاب کروائے گئے افراد سے متعلق رپورٹ پیش کر دی ۔سرکاری وکیل نے بتایا کہ علاج گاہ سے 215افراد کو بازیاب کروایا گیا ،علاج کے لیے لائے گئے افراد پر بیلچوں کے ذریعے تشدد کیا جاتا تھا ،تشدد کے دوران کہا جاتا تھا کہ یہ چشتی جھٹکے ہیں۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے ،شریک ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔

جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے عامر چشتی ہسپتال کے شیخوپورہ اور فیصل آباد میں واقع علاج گاہوں کو سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ آئی جی پنجاب اور ہیلتھ کئیر کمشن پنجاب بھر میں ایسے مراکز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں ۔دوران سماعت جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیئے کہ یہ علاج گاہیں نہیں بلکہ نجی حراستی مراکز ہیں ،ضرورت پڑی تو اس کیس کی سماعت کے لیے اسلام آباد سے فوری لاہور پہنچیں گے ۔