ایف بی آر نے نگران صوبائی وزیر انجم نثار ، انکے بھائیوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ، اکاؤنٹس منجمد کر کے 2کروڑ روپے کی ریکوری کرلی

 
0
325

انجم نثار ،انکے بھائی ندیم نثار ، سہیل نثار اے ٹی ایس گروپ کے ڈائریکٹرز ہیں ، سوپر ٹیکس 2017ء کی مد میں 12کروڑ 90لاکھ واجب الاد تھے
لاہور جولائی 30( ٹی این ایس)نگران وزیر صنعت و تجارت میاں انجم نثار اور انکے بھائی بھی ٹیکس کی مد میں کروڑوں روپے کے نادہندہ نکلے ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے میاں انجم نثار اور انکے دو بھائیوں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر کے مجموعی طور پر 2کروڑ روپے کی ریکوری کر لی۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ نگران صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں انجم نثار اور انکے دو بھائی ندیم نثار اور سہیل نثار اے ٹی ایس گروپ کے ڈائریکٹرز ہیں جن کے ذمے سوپر ٹیکس سال 2017ء کی مد میں 12کروڑ 90لاکھ روپے واجب الاد ہیں اور متعدد بار نوٹس بھیجنے کے باوجود بھی انکی جانب سے ادائیگی نہیں کی گئی جس پر ایف بی آر نے نگران صوبائی وزیر اور انکے بھائیوں کے کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے پنجاب بینک مین برانچ ایجرٹن روڈ میں انکے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے۔

ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ میاں انجم نثار کے ذمے ایک کروڑ 50لاکھ روپے واجب الاد تھے جن کے اکاؤنٹس سے مکمل ریکوری کر لی گئی ہے جبکہ انکے بھائی ندیم نثار کے ذمے سوپر ٹیکس کی مد میں 8کروڑ 60لاکھ روپے واجب الاد تھے جن کے اکاؤنٹس سے 50لاکھ روپے کی ریکوری کر لی گئی اور انکے بھائی سہیل نثار کے ذمہ بھی 2کروڑ 80لاکھ روپے واجب الاد تھے جن کے اکاؤنٹس سے ریکوری کے لئے کارروائی جاری ہے ۔