افراتفری کے دور میں کلاسیکل فن کاروں کو بہت کم رونمائی میسر آتی ہے لیکن فن و ادب اور کلاسیکل موسیقی کے فروغ کے حوالے سے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی جانب سے کی گئیں کاوشیں بے مثال ہیں: معروف گلوکار سلیم شہزاد

 
0
289

کراچی، اگست 02(ٹی این ایس):  پاکستان فلم اندسٹری کے معروف گلوکار سلیم شہزاد نے کہا کہ آج کے اس افراتفری کے دور میں کلاسیکل فن کاروں کو بہت کم رونمائی میسر آتی ہے لیکن فن و ادب اور کلاسیکل موسیقی کے فروغ کے حوالے سے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی جانب سے کی گئیں کاوشیں بے مثال ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سلیم شہزاد نے شہنشاہ ِ موسیقی محمد رفیع کی38 ویں برسی کے موقع پر آرٹس کونسل کراچی میں منعقد کی گئی محفل موسیقی”رفیع کی یادیں“میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صدرآرٹس کونسل محمد احمد شاہ اپنے دل میں فنکاروں کا درد رکھتے ہیں اور ان کی بدولت شہر بھر میں آرٹس کی کئی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے۔ سلیم شہزادنے کہا کہ محمد رفیع کا شماربرصغیر پاک و ہند کے ان لیجنڈری گلوکاروں میں ہوتا ہے جن کے فن کا کوئی ثانی نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موسیقی کے میدان میں محمد رفیع کی بے مثال خدمات کے باوجود انہیں کسی ایوارڈ سے اب تک نہیں نوازا گیا۔سلیم شہزاد نے حکومتِ پاکستان سے گزارش کی کہ محمد رفیع کے نام سے یادگارٹکٹ جاری کرے۔ محفل موسیقی کی اس رنگارنگ تقریب میں پروڈیوسر امجد حسین شاہ، فیروز اختر، آرٹس کونسل گورننگ باڈی کے رکن اقبال لطیف، چیئرمین یوتھ کمیٹی اسجد بخاری، پرویز صدیقی ، محبوب اشرف ، نعمان خان اور حاضرین کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی ۔امجد حسین شاہ نے کہا کہ محمد رفیع سے بڑا پلے بیک گلوکار آج تک بر صغیر میں پیدا ہی نہیں ہوا۔ وہ اپنی مثال آپ تھے۔ انہوں نے کہا کہ سلیم شہزاد ان فنکاروں میں سے ہیں جنہوں نے محمد رفیع کا طرز اپنایا۔گورننگ باڈی کے رکن اقبال لطیف نے کہا کہ محمد رفیع کی آواز آج بھی ہمارے دلوں کو دھڑکاتی ہے اورموسیقی کی دنیا میں انہوں نے جو خدمات انجام دیں، وہ قابلِ ستائش ہیں۔ اس موقع پر ریڈےو ، ٹی وی ، فلم کے معروف گلوکار سلیم شہزاد نے کلاسیکل گیتوں اور غزلوں سے سماں باندھا اور محمد رفیع کے مشہور گیت حاضرین محفل کی سماعتوں کی نذر کئے۔ اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوںنے ”کیا ہوا تیرا وعدہ“، ”گلابی آنکھیں جو تیری دیکھیں“، ”بہاروں پھول برساﺅ“ اور دیگر مشہورزمانہ گیت پیش کئے جس سے حاضرین محفل جھوم اٹھے۔ تقریب میں ملک کے معروف فنکاروں سمیت حاضرین کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔