بھارتی حکومت نے 14پاکستانی ماہی گیروں کو رہا کر دیا

 
0
290

ماہی گیر واہگہ بارڈر لاہور کے ذریعے جمعہ کو کراچی پہنچیں گے

کراچی، اگست 09 (ٹی این ایس):  ) چیئرمین فشر مینز کوآپریٹیو سوسائٹی عبدالبر کی کوششیں رنگ لے آئیں،بھارتی حکومت نے 14پاکستانی ماہی گیروں کو رہا کر دیا،رہائی پانے والے ماہی گیر واہگہ بارڈر لاہور کے ذریعے جمعہ کو کراچی پہنچیں گے،رہائی کی اطلاع ملنے کے بعد ماہی گیر خاندانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی،رہائی پانے والے ماہی گیروں میں تین نو عمر ماہی گیر بھی شامل ہیں،چیئرمین فشر مینز کوآپریٹیو سوسائٹی عبدالبر کی رہائی پانے والے ماہی گیروں کے خاندانوں کو مبارکباد،مذکورہ ماہی گیروں کو2016میں گرفتار کیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت نے فروری 2016میں گرفتارہونے والے 14ماہی گیروں کو رہا کردیا ہے۔ بھارتی حکام نے رہائی پانے والے ماہی گیروں کو واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا۔بعدازاں انہیں ایدھی سینٹر لاہور منتقل کر دیا گیا۔رہائی پانے والے ماہی گیروں میں عبدالغفور ولد حاجی صدیق، عبدالرزاق ولد محمد عثمان کاتیار، علی محمدولد یعقوب کاتیار،علی اصغر ولد یعقوب کاتیار،حسین ولد یعقوب کاتیار،ابوبکر ولد عباس ،محمد ولد حاجی ابراہیم کاتیار، جمیل ولد جان محمد،عبدالعزیز ولد محمد حسین،صدیق ولد محمد حسین،سکندر علی ولد محمد یعقوب مرگر،دیدار ولد سومار چانڈیو ،رمضان ولد حمبو ملاح اور مجید ملاح بگھان کے نام شامل ہیں۔

حکام کے مطابق رہائی پانے والے گیروں کے بعد ابھی بھی 103پاکستانی ماہی گیر بھارت کی قید میں ہیں جن کی جلدرہائی کے لیے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔بھارتی حکام نے فروری 2016 کو الشہباز نامی بوٹ نمبر 16588.bکو قبضے میں لے کر ماہی گیروں کو قید کر لیا تھا۔رہائی پانے والے ماہی گیروں میں 3نو عمر ماہی گیر دیدار،رمضان اور مجیدبھی شامل ہیں۔ رہا ہونے والے تمام ماہی گیرٹھٹھہ کے علاقوں کے رہنے والے ہیں۔چیئرمین فشر مینز کوآپریٹیو سوسائٹی عبدالبر نے رہائی پانے والے ماہی گیروں کے خاندانوں کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی قید میں مزید 103ماہی گیروں کی جلد رہائی کے لیے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر نے14ماہی گیروں کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزارت داخلہ،پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی،پاکستان رینجرز سندھ،ہوم ڈیپارٹمنٹ سندھ اور لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سے بھی مسلسل رابطے میں تھے انہوں نے ایدھی ہوم کا بھی شکریہ ادا کیا۔