کراچی ، اگست 12 (ٹی این ایس): پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا ہے، کل یکم ذی الحجہ ہوگی جبکہ عیدالاضحی22 اگست کو ہوگی ۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کے مختلف حصوں سے شہادتیں موصول ہونے کے بعد ذی الحج کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا گیا ہ۔
اجلاس کے بعد مفتی منیب الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں کئی مقامات پر مطلع ابر آلود تھا لیکن مختلف حصوں سے چاند کی قابل قبول شہادتیں موصول ہوئی ہیں ،پاکستان میں عید الاضحی کا چاند نظر آگیا ہے، کل یکم ذی الحجہ بروز سوموارکو ہوگی جبکہ عیدالاضحی 22 اگست بروز بدھ کو ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں ذو الحج کا چاند نظر آگیا تھا،حج کا رکن اعظم وقوف عرفات پیر 20 اگست کو جبکہ سعودی عرب میں عید الاضحیٰ منگل 21 اگست کو ہوگی،سعودی عرب نے پہلے ہی عید الاضحیٰ کے لیے 11 روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔