کسی بھی غیر قانونی مویشی منڈی کا بلدیہ وسطی کی انتظامیہ کا کوئی تعلق نہیں

 
0
1420

بلدیہ وسطی میں کسی بھی علاقے میں غیر قانونی مویشی منڈی قائم نہ ہونے دی جائے

چیئرمین بلدیہ وسطی کی جانب سے غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف آپریشن کی ہدایت

کراچی، اگست 14 (ٹی این ایس):چیئرمین بلدیہ ریحان ہاشمی نے کہا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی مویشی منڈی سے بلدیہ وسطی کی انتظامیہ کا کوئی تعلق نہیں انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بلدیہ وسطی میں کسی بھی علاقے میں غیر قانونی مویشی منڈی کو قائم نہ ہونے دیا جائے ، چیئرمین بلدیہ وسطی کی جانب سے تمام متعلقہ ڈپارٹمنٹ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کی درخواست ۔ تفصیلات کے مطابق حکومتِ سندھ نے کراچی کے تمام رہائشی ،تجارتی اور صنعتی علاقوں میں غیر قانونی مویشی منڈی لگانے پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت پر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے بلدیہ وسطی کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ضلع وسطی میں کسی بھی مقام پر غیر قانونی مویشی منڈی قائم نہ ہونے دی جائے ۔ تاہم بلدیہ وسطی کی انتظامیہ پہلے ہی غیر قانونی منڈیوں کے خلاف کاروائی شروع کرچکی ہے اور اَکّا دُکّا لگائی جانے والی غیر قانونی مویشی منڈیوں کو ختم کردیا گیا ہے ۔ مزید برآں کسی بھی علاقے میں عارضی مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے تاہم حکومتِ سندھ کی جانب سے غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف جاری نوٹی فِکیشن سے قبل عارضی مویشی منڈی کے قیام کے اجازت نامے پہلے ہی کینسل کئے جاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ہر سال قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لئے مویشی فروشندہ جگہ جگہ عارضی مویشی منڈی قائم کرلیتے ہیں جس سے نہ صرف شہریوں کا سکون برباد ہوتاہے اس کے ساتھ ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوتی ہے ۔اگرچہ حکومت سندھ کی جانب سے مخصوص مقامات پر مویشی منڈی قائم کردی گئی ہیں جہاں قربانی کے جانور فروخت کے لئے لائے جاسکتے ہیں تاہم بہت سے موسمی مویشی فروشندہ اور چھوٹے تاجران اپنی سہولت کے مطابق رہائشی علاقوں میں مویشی فروخت کرنے پہنچ جاتے ہیں جہاں اُن کا اجتما ع ایک منڈی کی شکل اختیار کرلیتاہے جس کی وجہ سے شہری زندگی متاثر ہوتی ہے اور بلدیات اداروں کی خدمات میں مشکلات پیداہوتی ہیں ۔ بہر حال بلدیہ وسطی میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور کسی بھی مقام پر انہیں قائم نہیں ہونے دیا جائے گا۔