کراچی اگست14(ٹی این ایس)کراچی کے علاقے گلبہار میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے پولیس اہلکار مبینہ ٹارگٹڈ حملے میں ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کے ایم سی پولیس کے سب انسپکٹر اعظم خان فردوس کالونی میں اپنی رہائش گاہ سے باہر نکلے تھے کہ دو مسلح موٹرسائیکل سوار افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں اعظم خان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تاہم مسلح افراد موقع سے فوری طور پر فرار ہوگئے۔
بعد ازں اعظم خان کی لاش کو قانونی چارہ جوئی کےلئے عباسی شہید ہسپتال لے جایا گیا۔ضلع وسطی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس عرفان علی بلوچ کا کہنا تھا کہ ’واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے‘۔
سینئرافسر نے مقتول کے بیٹے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مخصوص سیاسی جماعت کے کارکنان نے اعظم خان سے ان کے امیدوار کو ووٹ ڈالنے کےلئے کہا تھا۔مقتول کے بیٹے کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ووٹ کے مانگے جانے کے باوجود اعظم خان کے تمام اہلخانہ نے کسی بھی امیدوار کے حق میں ووٹ نہیں ڈالا تھا‘۔تاہم ایس ایس پی عرفان علی بلوچ کا کہنا تھا کہ ’تحقیقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں اور ملزمان کے اس اقدام کے پیچھے احداف کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا‘۔