پنجاب کے لوگوں کی خواہشوں، امنگوں، توقعات اور مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا‘ خواجہ سعد رفیق

 
0
370

اگر پنجاب میں اپوزیشن کی تو کڑاکے دار مقابلہ کرینگے،عمران خان او رانکی جماعت کو دن میں تارے نظر آ جائینگے
لاہور اگست 15( ٹی این ایس) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب کے لوگوں کی خواہشوں، امنگوں، توقعات اور مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے،
اگر پنجاب میں اپوزیشن کی تو کڑاکے دار مقابلہ کریں گے جس سے عمران خان او ران کی جماعت کو دن میں تارے نظر آ جائیں گے ۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں بظاہر جس پارٹی کی اکثریت نظر آتی ہے وہ دھاندلی اور ہارس ٹریڈنگ کی پیداوار ہے اس لیے یہ پنجاب کی نمائندہ حکومت نہیں ،فرشتوں کی جماعت کے ذریعے نئے پاکستان کی بنیاد رکھی جارہی ہے ،سب کو معلوم ہے کہ کس طرح آزاد اراکین کو جہاز میں بھر بھر کر لایا گیا

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جو بیان دیا تھا وہ سب کے سامنے ہے ،میری جانب سے این اے 131میں دوبارہ گنتی کی درخواست کو آر او سے سپریم کورٹ تک روکا گیا ،اگر تھیلوں سے ووٹ نکلتے تو یہ عمران خان کے نہیں ہونے تھے ، عمران خان نے اپنے کہے پر عمل نہ کر کے دوغلے پن کا مظاہرہ کیا ،سب کو معلوم ہے کہ پی ٹی آئی کو کامیاب کرانے کے لئے پیشگی بندوبست کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپوزیشن میں بیٹھے تو ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے اور ایسا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے کہ عمران خان اور ان کی جماعت کو دن میں تارے نظر آ جائیں گے۔