نیب ریفرنسز کی سماعت: نواز شریف کو جیل سے احتساب عدالت پہنچا دیا گیا

 
0
408

راولپنڈی اگست 27(ٹی این ایس) سابق وزیراعظم نواز شریف کو دو نیب ریفرنسز میں پیشی کیلئے اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت پہنچادیا گیا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ ریفرنسز کی سماعت کریں گے۔سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت اب سے کچھ دیر میں شروع ہو گی،اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں،ن لیگ کے رہنماﺅں اور کارکنوں کی بڑی تعداد احتساب عدالت کے باہر موجود ہے۔احتساب عدالت کے جج ارشد ملک ریفرنسز کی سماعت کریں گے، استغاثہ کے گواہ اور جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کے بیانات قلمبند کئے جائیں گے جبکہ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا پر جرح کریں گے۔دوسری جانب احتساب عدالت کے جج کی ڈیڈ لائن میں توسیع سے متعلق درخواست کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوگی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ سماعت کرے گا جبکہ بنچ میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن بھی شامل ہیں۔یاد رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے نیب ریفرنسز کی ڈیڈ لائن میں توسیع کے لیے سپریم کورٹ کو لکھا گیا یہ پانچواں خط ہے۔