طالب علم پر تشدد، پشاور زرعی یونیورسٹی کا افسر معطل

 
0
371

پشاور اگست 28(ٹی این ایس):زرعی یونیورسٹی پشاور کی انتظامیہ نے طالب علم پر تشدد میں ملوث اسسٹنٹ ایڈمن آفیسر عابد انور کو معطل کردیا ہے۔ترجمان زرعی یونیورسٹی نے کہا ہے کہ واقعہ کی انکوائری کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ انکوائری رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں اسسٹنٹ ایڈمن آفیسر عابد انور ایک طالب علم پر بدترین تشدد کرتا دکھائی دیا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک طالب علم اپنی نشست پر بیٹھا ہے۔ ملزم چل کر اس کے پاس آیا اور اس کو پکڑ کر گھسیٹے ہوئے لیکر جارہا ہے۔ اس دوران ملزم نے طالب علم کو لاتوں اور گھونسوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس کے کپڑے پھاڑ دئے۔ پھر اس کو زمین پر پٹخ کر پیٹ پر لاتیں برسائیں اور اس پر پستول تان لی۔
ہال میں موجود دیگر طلبہ نے جب اس معاملے پر احتجاج کیا تو ملزم عابد انور نے پستول نکال کر لہرایا اور طلبہ کو دھمکیاں دے کر خاموش کرایا۔زرائع کے مطابق مذکورہ طالب علم یونیورسٹی میں داخلے کا خواہش مند تھا اور فارم جمع کرانے کے لیے آیا تھا جہاں طالب علموں کی لمبی قطار لگی تھی تاہم مذکورہ ایڈمن افسر من پسند افراد کو قطار سے نکال کر پہلے اندر لیکر جاتا رہا جس پر عثمان نامی طالب علم نے احتجاج کیا۔ جب طالب علم اندر آڈیٹوریم میں پہنچے تو وہاں دوبارہ اسی بات پر تلخ کلامی ہوئی کہ کچھ لوگ صبح سے انتطار میں بیٹھے ہیں۔ ان کے فارم وصول نہیں کئے جارہے۔ اس بات پر ایڈمن آفیسر انور عابد طیش میں آگیا اور طالب علم پر تشدد شروع کردیا۔