محرم الحرام میں امن و امان ترجیع ہے اس کے لئے مثالی اقدامات کئے جائیں گے: ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان

 
0
549

رحیم یار خان،ستمبر02(ٹی این ایس):ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں امن و امان کا قیام اہم ترین حکومتی ترجیح ہوتی ہے اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں، ضلعی امن کمیٹی کے اراکین، میڈیا سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی کی سرکردہ شخصیات کے تعاون سے ضلع بھر میں امن وامان کے لئے مثالی اقدامات کئے جائیں گے، محرم الحرام میں منعقد کی جانے والی مجالس اور نکالے جانے والے جلوسوں کو مکمل سیکورٹی کور فراہم کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی او محمد اطہر وحید کے ہمراہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)احسان علی جمالی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)چوہدری محمد مختار، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122ڈاکٹر عبدالستار، ڈی ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر محمد عابد،ممبران امن کمیٹی علامہ عبدالروف ربانی، خواجہ محمد ادریس، صوبائی صدر شیعہ علماءکونسل بابر زمان، ریاض احمد نوری، مولانا فضل محمود حیدر، چوہدری جمیل اظہر نقشبندی، سید مجید زیدی، شیخ اللہ وسایا قصوی، سید شہاب الحسن گیلانی، حاجی ستار احمد لاڑ سمیت محکمہ سوئی گیس، واپڈا، چیف افسران میونسپل و ضلع کونسل اور دیگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمیں اپنے دشمن سے خبردار رہنا ہو گا جو مذہبی تہواروں کے مواقع پر فرقہ ورانہ آگ بھڑکانے کی مذموم کوشش کرتا ہے مگر ہم نے مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہے اور اس سلسلہ میں تمام ممبران امن کمیٹی کا تعاون ہمیشہ مثالی رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم کے لئے حکومت کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا، وال چاکنگ، لاﺅڈ سپیکر کے استعمال، شر انگیز تقاریر اور مذہبی پوسٹرز پر پابندی ہو گی، عشرہ محرم کے دوران حساس مقامات کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ جلوس و مجالس کے روٹس پر صفائی سمیت تمام انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔انہوں نے میپکو، سوئی گیس، پی ٹی سی ایل اور میونسپل افسران سے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر اپنی تنصیبات کا بخوبی معائنہ کریں کسی جگہ بجلی کی تاریں لٹکتی ہوئی یا سوئی گیس کی لیکج نہ ہو جبکہ گٹروں پر ڈھکنوں کی موجودگی کے علاوہ سیوریج نظام درست ہونا چاہیے اورتمام روٹس کی مرمت کا کام بھی یکم محرم سے قبل مکمل کر لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل و ضلع سطح پر کنٹرول رومز فعال ہوں گے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں امن کمیٹی ممبران، منتظمین جلوس و مجالس اور متعلقہ محکموں کے افسران کی میٹنگ بلا کر مقامی معاملات فوری حل کریں گے۔ڈی پی او محمد اطہر وحید نے کہا کہ محرم الحرام میں علماءکرام و ممبران امن کمیٹی کے تعاون سے امن وامان کی فضاءبرقرار رکھی جائے گی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی ، تحصیل اور تھانے کی سطح پر امن کمیٹیوں کو فعال کیا جائے گا اور مشاورت سے محرم الحرام میں مسائل کا خاتمہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صبر کا دامن ہم نے نہیں چھوڑنا زبان سے ادا کیا جانے والے ایک لفظ ثقافتیں تباہ کر دیتا ہے ہم نے محبت، اخلاق اور پیار سے اپنے ضلع کے امن کو پروان چڑھانا ہے۔انہوں نے ممبران امن کمیٹی کی جانب سے نشاندہی کردہ مسائل کے حل کے لئے موبائل امن کمیٹی کے ممبران، ڈی ایس پی لیگل اور متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی پی اوز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ سابقہ ادوار میں ہونے والے مقدمات کے اخرا ج کے لئے متعلقہ کمیٹی حقائق پر مبنی سفارشات تیار کرے گی جس کی روشنی میں مقدمات خارج کئے جائیں گے جبکہ متنازع جلوس و مجالس جس میں شکوک و شبہات ہوں اس کی حقیقت جاننے کے لئے بھی کمیٹی اپنی سفارشات دے گی کہ یہ جلوس یا مجالس کتنے عرصہ سے نکل رہے ہیں اور فورتھ شیڈول سے متعلق انہوں نے ممبران امن کمیٹی کو آگاہ کیا کہ فورتھ شیڈول میں کسی بھی فرد کا نام ڈالنا پولیس یا انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں نہیں اس سلسلہ میں تمام سیکورٹی اداروں کی جانب سے رپورٹس آتی ہیں جس کے بعد کسی بھی فرد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا جاتا ہے تاہم اس مسئلہ کے حل کے لئے بھی تشکیل دی جانے والی کمیٹی اپنی سفارشات تیار کرے ہم اسے متعلقہ فورم تک پہنچائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ زبان بندی اور ضلع بندی والے ذاکرین بارے بھی فوری آگاہ کیا جائے گا۔اجلاس میں شیعہ علماءکونسل کے صوبائی صدر بابر زمان ، خواجہ محمد ادریس ایڈووکیٹ، علامہ عبدالروف ربانی، ریاض احمد نوری، سید مجید زیدی، چوہدری بشیر امانت علی، مولانا فضل محمود حیدری، شہاب الحسن گیلانی، چوہدری اظہر جمیل نقشبندی ودیگر نے ضلعی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ مثالی فرقہ ورانہ ہم آہنگی کی روایت کو مزید مستحکم کیا جائے گا اور محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علماءکرام ضلعی انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ خدمات سر انجام دیں گے۔انہوں نے قیام امن اور جلوس و مجالس کے قیام سے متعلق اپنی مختلف تجاویز سے بھی فورم کو آگاہ کیا۔اجلاس کے اختتام میں ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا مانگی گئی۔