بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ جوابدہ بھی بنائیں گے: علیم خان

 
0
2785

لاہو ستمبر 5(ٹی این ایس) صوبائی وزیر بلدیات علیم خان کا کہنا ہے کہ ضلعی چیئرمین اپنے علاقوں میں جانے کو تیار نہیں ہیں، بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ ساتھ جوابدہ بھی بنائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر بلدیات علیم خان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان بلدیاتی نظام سے خوش نہیں، تبدیلی چاہتے ہیں۔ قانون کے مطابق بلدیاتی نظام کو تبدیل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی چیئرمین اپنے علاقوں میں جانے کو تیار نہیں ہیں، بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ ساتھ جوابدہ بھی بنائیں گے۔ بلدیاتی نظام سے متعلق سفارشات پر وزیر اعظم کے ساتھ میٹنگ ہوگی۔علیم خان نے کہا کہ بلدیاتی حکومت میں 90 فیصد مسلم لیگ ن کے لوگ ہیں، مسلم لیگ ن کے لوگ ہی اختیارات سے متعلق پریشان ہیں۔ تمام لوگوں کو اختیارات دیں گے۔ میئر کا انتخاب براہ راست ہوگا۔ بلدیاتی انتخاب میں تمام جماعتیں حصہ لیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بلدیاتی نظام کو با اختیار اور مالی خود مختاری دینا ہے، نئے نظام میں یو سی، تحصیل اور ڈسٹرکٹ کونسل کو بااختیار بنائیں۔ حمزہ شہباز نظام کو ٹھیک کر دیتے تو آج ایسا نہیں ہوتا۔
وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ بطور پارٹی چیئرمین عمران خان میئرز کا چناؤ کریں گے، نو منتخب ایم این ایز، ایم پی ایز اپنے حلقوں میں میئر کی مہم چلائیں گے۔ عوام سیاسی لوگوں کو اپنی ترجمانی کے لیے منتخب کرتے ہیں۔ منشور میں بلدیاتی نظام سے متعلق تمام معلومات درج ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو بلائیں گے مشاورت کریں گے۔ پوچھیں گے 2001 بلدیاتی نظام میں کیا کمی بیشیاں تھیں۔ تمام نظام کو ایک چھتری کے نیچے لانا پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ شجر کاری مہم میں 50ہزار پودے ذاتی حیثیت میں لگاؤں گا، پچاس ہزار پودوں کی قیمت خود برداشت کروں گا۔